وحدت نیوز (کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید عباس علی موسوی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی بے رخی سے ملک میں سیاست کا ماحول خراب ہو گیا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں حکومت کی منمانی سے ملکی سیاست میں کشیدگیاں پیدا ہوگئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے طے کردہ اقدام قابل تنقید ہے، مشرقی روٹ کی تعمیر جمہوریت کی پامالی اور بلوچستان و خیبر پختونخواں کے عوام کی حق تلفی کے مترادف ہوگی۔ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے میں کسی قسم کی ردو بدل ہرگز تسلیم نہیں کیا جائے گا ۔ اس وقت پورا ملک اقتصادی راہداری منصوبے کی اہمیت سے واقف ہے اور سب پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی اہمیت کو تسلیم کر رہے ہیں ایسے حالات میں وفاقی حکومت، اپوزیشن سمیت ملک کے تمام سیاسی جماعتوں کونقطہ چینی کا موقع فراہم کر رہی ہے اور اسکے ساتھ ساتھ سیاست میں کشیدگیاں بڑھ رہی ہے، جو موجودہ حکومت کے ختم ہونے کی وجہ بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جلد از جلد مغربی روٹ کے کام کو آگے بڑھائے اور اسے تکمیل تک پہنچا کر آل پارٹیز کانفرنس میں کئے گئے اعلان کو پورا کرے۔ اس طرح بلوچستان کو بھی ترقی کا موقع ملے گا۔ اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل تک بلوچستان اور خیبرپختونخواں میں امن اور یہ صوبے پاکستان کیلئے اہم ترین صوبے ہونگے۔ بیان کے آخر میں کہا گیا کہ تمام سیاسی جماعتیں اقتصادی راہداری منصوبے میں ردوبدل کی وجہ سے وفاقی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں اور ہر جماعت یہ چاہتی ہے کہ مغربی روٹ جلد از جلد تکمیل تک پہنچے ۔ حکومت وقت حالات کو مزیدنا خوشگوار بنانے کے بجائے ملکی مفادات کو ترجیح دے اور مغربی روٹ کو تکمیل تک پہنچائے، بلوچستان اور خیبر پختونخواں کے عوام بھی خوشحالیوں کے منتظر ہیں۔