Print this page

مردم شماری کی تفصیلات جاری ہونے کے بعد تمام جماعتوں کے ساتھ ملکر حلقہ نمبر دو کیلئے تحریک چلائی جائیگی، سلیم احمد

09 فروری 2018

وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے رہنماء سلیم احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسکردو شہر کا قریب ترین حلقہ ہونے کے باجود حلقہ نمبر دو اسکردو بدترین مسائل کا شکار ہے۔ عوام کی اکثریت پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور تعلیمی اداروں کی تعداد بھی شرمناک حد تک کم ہے۔ یہاں پر طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہے۔ اربارب اختیار کی کبھی توجہ اس حلقے کی طرف مبذول نہیں ہوئی۔ یہاں کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکی ہیں اور علاقے کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ نمبر دو اسکردو رقبے اور آبادی کے اعتبار سے بعض ضلعے کے برابر ہے لیکن ابھی تک حلقے سے آگے نہیں بڑھا، جو کہ یہاں کے نمائندوں کی نااہلی اور اداروں کے ہاتھوں یرغمال ہونے کا نتیجہ ہے۔ گزشتہ سالوں میں حلقہ نمبر دو میں قدرتی آفات کے نتیجے میں سینکڑوں افراد بے گھر ہوئے اور انکی بحالی کے لیے حکومتی اعلان پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ حلقے کے فنڈز اور ٹھیکوں میں بھی گھپلے اور من پسند افراد کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے۔ علاقے کے فنڈز کی تقسیم میں بھی انصاف سے کام نہیں لیا جا رہا ہے۔

سلیم احمد نے کہا کہ حلقہ نمبر دو اسکردو کے ساتھ جاری مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے اور ادارے اس حلقے کے ساتھ کھیلنے کا سلسلہ بند کرے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حلقے کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے۔ رقبے اور آبادی کے لحاظ سے جی بی کا بڑاحلقہ ہونے کے سبب یہاں کے سالانہ فنڈز پہلے تو کم ہے اور وہ بھی عوامی فلاح کی بجائے ذاتی مفادات کے لیے خرچ ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی بی میں مردم شماری کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد حلقہ نمبر دو کے حوالے سے بھر پور تحریک چلائی جائے گی اور مزید حلقہ بندی یا ضلع کے حوالے سے مطالبہ تمام پارٹیوں کو اعتماد میں لے کر کیا جائے گا۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree