Print this page

ایم ڈبلیوایم کھرمنگ کے زیر اہتمام نامور کوہ پیمامحمد علی سدپارہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

25 فروری 2021

وحدت نیوز(کھرمنگ) مجلس وحدت مسلمین ضلع کھرمنگ اور آئی ایس او شہید احمد رضا یونٹ گوہری کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر کھرمنگ گوہری میں معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ نامور عالم دین امام جمعہ سید علی موسوی ، سید حسنین کاظمی ، ڈپٹی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم کھرمنگ سید مبارک کاظمی و دیگر نے مرحوم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

 مقررین نے اس موقع پر کہا کہ محمد علی سدپارہ نے اپنی کوششوں سے دنیا بھر میں گلگت بلتستان اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ دنیا کے چودہ بلند ترین چوٹیوں کو بہادری کیساتھ سر کرنے والے عظیم حوصلوں کے مالک شخصیت نے سردیوں میں کے ٹو سر کرتے ہوئے اپنی جان نچھاور کردی، جس کے نتیجے میں کے ٹو اور گلگت بلتستان کو وہ عالمی طور پر شناسائی ملی جو تاریخ میں نصیب نہیں ہوسکی تھی۔ کوہ پیمائی کی تاریخ میں محمد علی سدپارہ نے اپنے خون سے سینچا اور کم ترین وسائل اور سہولیات کے باوجود اپنے ساتھ اپنے نوجوان صاحبزادے کو سرمائی کوہ پیمائی کیلئے عزم سفر باندھا۔

 مقررین نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان حکومت نے علی سدپارہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکی فیملی کو سپورٹ کرنے، ماونٹئیرنگ انسٹیٹیوٹ کا قیام اور سول ایوارڈ کا فیصلہ خوش آئند قدم ہے ، امید کرتے ہیں کہ ساجد سدپارہ کو اپنے عظیم والد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے بھرپور سہولیات فراہم کرنے سے نہیں ہچکچائیگی۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree