وحدت نیوز(سکردو) ضلعی انتظامیہ سکردو کے زیر اہتمام 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کو پرجوش طریقے سے منایا گیا۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کمپلکس سکردو سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں وزیر زراعت گلگت بلتستان و رہنما مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم، ڈپٹی کمشنر سکردو، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس، عوام الناس اور سکولوں کے بچوں نے شرکت کیں۔ اور یہ ریلی محب چوک سکردو پر پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے کہا کہ آج کا دن بھارتی حکومت نے اپنی افواج کو کشمیر میں اتارے اور نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے بازار گرم کئے۔ کشمیر پر غاصبانہ طور پر قبضہ کیا اور معصوم کشمیریوں جس میں بوڑھے، جوان، بچے اور خواتین کو ظلم کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری مسلمانوں کو سلام پیش کرتے ہیں کہ وہ 1948ء سے اب تک اپنی جدوجہد کو قائم رکھا ہوا ہے ، اور ہزاروں لوگوں نے آزادی کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔ اور وہ دن دور نہیں کہ ان کی جدوجہد اور لہو رنگ لائے گا، اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ پاکستان روز اول سے کشمیری مسلمانوں کے جدوجہد کی سفارتی اور اخلاقی طور پر حمایت کرتا رہا ہے اور کشمیر کی صبح آزادی تک یہ حمایت جاری رہےگی۔