Print this page

جعلی مینڈیٹ سے برسراقتدار آئی ہوئی ظالم حکومت کے خاتمے کے لئےبلتستان بھر کو جام کردیں گے، آغا علی رضوی

18 اگست 2014

وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام ڈویژنل سیکرٹریٹ میں ایک اہم میڈیا بریفنگ کا اہتمام ہوا جس میں سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم پاکستان بلتستان ڈویژن علامہ آغا علی رضوی، شیخ زاہد حسین زاہدی اور دیگر رہنماء شریک تھے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماوں نے کہا کہ کئی روز سے پاکستان کی عوام سراپا احتجاج ہے اور اسلام آباد میں ظالم حکومت کو مستعفی ہونے، شفاف نظام کو نافذ کرنے اور ملک میں حقیقی جمہوریت کو نافذ کرنے کے لیے مختلف سیاسی و مذہبی پارٹیوں نے دھرنا دے رکھا ہے۔ جعلی مینڈیٹ سے برسراقتدار آئی ہوئی ظالم حکومت حق حکومت کھو چکی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن ملک بھر کی عوام کی طرح موجودہ ظالم اور جعلی حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے اور نظام کی تبدیلی کی خواہاں ہے۔

 

مجلس وحدت بلتستان ان تمام قومی پارٹیوں بالخصوص پاکستان عوامی تحریک اور سنی اتحاد کونسل کا شکریہ ادا کرتی ہے کہ جنہوں نے گلگت بلتستان کی حقوق سے محروم عوام کو اور سرزمین بے آئین کے باسیوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے اور تشخص قائم کرنے کے لیے لانگ مارچ کے چارٹر میں گلگت بلتستان کو آئینی حق دینے کا مطالبہ بھی شامل کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے اپنے لانگ مارچ کے ایجنڈے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مشروط الحاق میں پانچ نکاتی ایجنڈے کو بھی شامل کیا اس میں گلگت بلتستان کو آئینی طور پر ملک کا حصہ بنانا شامل ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا آئینی حصہ بنانے کے لیے مخلصانہ اور قومی سطح پر کوشش کی جا رہی ہے یہ سب اتحاد بین المسلمین کا ثمر ہے۔ اگر معتدل، محبّ وطن، مخلص سیاسی و مذہبی بصیرت رکھنے والی پارٹیاں اپنے اندر اتحاد کو قائم رکھنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو جہاں بدمعاش، ظالم، فرقہ پرور، بدعنوان اور دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے والی حکومت عبرت کا نشان بن سکتی ہے وہاں گلگت بلتستان جیسے 67 سالوں سے حقوق سے محروم عوام کو حقوق بھی مل سکتے ہیں اور پاکستان استحکام و ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔

 

میڈیا بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے حالیہ بیان کی مذمت کرتے ہیں کہ جہاں ایک طرف وہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے لیے قربانی کی باتیں کرتے ہیں لیکن دوسری طرف جب گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنانے کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو وہ حواس باختہ ہو جاتے ہیں اور اسے مسئلہ کشمیر کے خلاف سازش قرار دیتے ہیں۔ ہم وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالحمید تک میڈیا کے توسط سے یہ پیغام دینا چاہیں گے کہ گلگت بلتستان کی عوامی امنگوں کے خلاف انہوں نے بیان دے کر یہاں کے لاکھوں عوام کا دل دکھایا اور امید کرتے ہیں کہ وہ اپنے ہمسایہ خطے کی عوامی امنگوں کا پاس رکھتے ہوئے آئندہ ایسی گفتگو سے گریز کریں گے جس سے گلگت بلتستان کی عوام مزید محرومی میں رہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر صوبوں کے سربراہان گلگت بلتستان کے حقوق سے محروم غریب باسیوں کو انکے حقوق دلانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ میڈیا کے ذریعے میں ہم واضح کر دینا چاہیں گے کہ ہم تو وہ ہیں جنہوں نے سینکڑوں شہداء دے کر بغیر کسی پاکستان آرمی کی مدد کے اس خطے کو آزاد کرایا اور طشت میں سجا کر فخر کے کیساتھ بلامشروط پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے پیش کیا۔ پاکستان سے الحاق کا مقصد اسلامی نظریات کی بنیاد پر ہے اور ہم اقبال کا پاکستان دیکھنا چاہیں گے۔

 

پریس بریفنگ کے دوران انہوں  نے کہا کہ موجودہ حکومت دراصل ان نظریہ فکر رکھنے والوں کی سیاسی ونگ ہے اور انکی سرپرستی میں  مصروف ہے جنہوں  نے وطن عزیز پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام کی راہ پر گامزن کیا، پاکستان آرمی کے اہم اور حساس اداروں  پر حملے کیے، دنیا میں  پاکستان کی ساکھ کو بری طرح نقصان پہنچایا۔ اس حکومت کو جو طالبان اور دیگر دہشت گرد جماعتوں  کی پشت پناہی کو عبادت سمجھ کر انجام دیتی ہو اور نرم گوشہ رکھتی ہوں انہیں  کوئی حق نہیں  کہ مزید حکومت کریں۔ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کی غیور فوج نے موجودہ وفاقی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر ملکی استحکام کی خاطر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ ہم پاکستان آرمی کی جانب سے جاری آپریشن کو ملکی سلامتی کے لیے ناگزیر سمجھتے ہیں اور انکی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین ملک بھر کی طرح  بلتستان میں بھی انقلابی مارچ کی کامیابی اور موجودہ ظالم، طالبان نواز، دہشت گردوں اور ملک دشمن طالبان کی پشت پناہ حکومت کو وطن عزیز کی بقاء اور سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں اور انکی برطرفی کے لیے بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کرے گی اور مرکزی قائدین کے احکامات کی روشنی میں پریس کانفرنسز، احتجاجی ریلیوں  اور دھرنوں  کا اعلان کرے گی۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree