Print this page

عباس (ع) عرش شجاعت و وفا اور تسلیم و رضا کا نام ہے، علامہ علی رضوی

14 جون 2013

allama s a rوحدت نیوز(بلتستان)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے شہنشاہ وفا حضرت عباس (ع) کی یوم ولادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت عباس (ع) روحانیت و معرفت، تسلیم و رضا، علم و حلم اور وفا کے عرش کا نام ہے۔ ان کی پاکیزہ زندگی سے اطاعت امام کا درس ملتا ہے، انہوں نے اپنی زندگی میں اطاعت امام میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔ جہاں حضرت عباس (ع) نے اپنے بابا فاتح بدروحنین سے وراثت میں بہادری و شجاعت حاصل کی ہے وہاں سلونی کے ممبر کے وارث سے علم و فقاہت بھی حاصل کی اور اپنی زندگی میں تشنہ گان علم و معرفت کو سیراب کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ امام سجاد (ع) کی حدیث ہے کہ حضرت عباس (ع) کا شمار اپنے زمانے کے فقیہوں میں ہوتا تھا۔ اکثر عوام کے سامنے ان کے شخصیت کے ایک ہی پہلو شجاعت کو بیان کیا جاتا ہے جبکہ آپ (ع) ہمہ گیر شخصیت کے حامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ کربلا میں حضرت عباس (ع) نے حق والوں کو رزق وفا بانٹا ہے، ظالموں اور فاسقوں کے خلاف قیام کرنے کی توانائی بخشی ہے، یزیدوں سے نمٹنے کا سلیقہ سکھایا ہے، شمر اور خولی صفت لوگوں کے لئے خدا کی زمین کو تنگ کرنے کا حوصلہ بخشا ہے۔ حضرت عباس (ع) کے انسانیت پر احسانات لفظوں میں بیان ہوسکتا ہے اور نہ نام عباس سے جو احساسات، جذبات، روحانیت، معرفت، فداکاری اور وفا حاصل ہوتی ہے اسے بیان کرنا ممکن ہے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree