Print this page

علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی بھاری اکثریت سے تیسری مرتبہ تین سال کیلئے مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیرکے سیکریٹری جنرل منتخب

16 مئی 2016

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے انٹرا پارٹی الیکشن ،علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی کوبھاری اکثریت سے تیسری مرتبہ تین سال کیلئے مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کاریاستی جنرل سیکرٹری(سربراہ) منتخب کرلیا گیا۔ ریاستی سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے لیے ریاست آزاد کشمیر کے تمام اضلاع،ریاستی کابینہ سے تعلق رکھنے والے اراکینِ ریاستی شوریٰ نے انتخابی عمل میں حصہ لیا۔رائے شماری مسجد و امامبارگاہ باب العلم لوئر چھتر مظفرآباد ہوئی،جنرل سیکرٹری کی نشست کے لیے علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی، مولانا سید طالب حسین ہمدانی اورسید عبادت علی کاظمی کو نامزد کیا گیا، مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی ریاستی شوریٰ کے ممبران کی کثیر تعداد نے علامہ سید تصور حسین جوادی کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کیا ۔نتائج کا اعلان مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ احمد اقبال رضوی نے کیا۔

میڈیا سیل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے انٹرا پارٹی الیکشن کے موقع پر پیام وحدت اجلاس ریاستی شوریٰ میں علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے تیسری بار سیکرٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں، انہیں ریاستی شوریٰ نے بھاری اکثریت سے ایک بار پھر سیکرٹری جنرل کیلئے منتخب کرلیا ہے ، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ سید احمد اقبال رضوی نے نئے سیکرٹری جنرل کا اعلان کیا، اجلاس کی چوتھی نشست میں ریاستی شوری کا اجلاس طلب ہوا جس میں تمام اضلاع سے دو دو ارکان،ریاستی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی اور انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ ریاستی شوریٰ کو انتخابی کمیٹی کی طرف سے تین نام پیش کیے گئے تھے جن میں علامہ سید تصور حسین جوادی،مولانا طالب ہمدانی اور سید عبادت علی کاظمی شامل تھے ۔

ریاستی شوریٰ سے ان تین ناموں میں سے کسی ایک نام کو سیکرٹری جنرل کے طور پر منتخب کرنے کا کہا گیا۔علامہ سید احمد اقبال رضوی کی سربراہی میں تمام انتخابی عمل انتہائی شفاف طریقے سے انجام پایا۔ اس موقع پر علامہ تصور جوادی کا شاندار استقبال کیا گیا اور فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے ۔علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی،علامہ شیخ غلام حسن صابری مرکزی خطیب مظفرآباد ، تمام علماء کرام ، مہمانان گرامی اورریاستی شوریٰ کے اراکین نے علامہ سید تصور حسین جوادی کو مبارکباد پیش کی اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں اتحاد بین المسلمین،قوم و ملت کی خدمت ، مظلوموں کی حقوق کے لیے جدوجہد، ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظت اور دین مبین کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، مظلوموں و محروموں کی آواز بن کر اٹھیں گے، قائدوحدت کی قیادت میں ملت و قوم کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری دہشتگردی ، بالخصوص شیعہ ٹارگٹ کلنگ ریاستی اداروں اور حکومتی ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، قائد وحدت تین دن سے بھوک ہڑتال پر ہیں ،ہم مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ آرمی چیف صورتحال کا نوٹس لیں ، پاکستان میں بسنے والے نہتے شہریوں کو مارا جا رہا ہے، ہماری قوم کے پروفیشنلز کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے،ہمارے لیے اب یہ صورتحال نا قابل قبول ہے ۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree