Print this page

ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کے تحت مختلف شہروں میں ماہ مبارک رمضان کے فیوض وبرکات سمیٹنے کیلئے اجتماعی اعتکاف کا انعقاد

13 جون 2018

وحدت نیوز(اسلام آباد)  مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے سکھر ، کراچی (نیورضویہ سوسائٹی اور اورنگی ٹاؤن ) اور لاہور میں شہر کی جامع مساجد میں اعتکاف کی محافل منعقدکی گئیں جس میں خواہران کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اعتکاف کی ان مقدس محافل میں کئی ایک علماء کرام اور اسکالرز نے خطاب کیا اور متعفکین کو اعتکاف کی فضلیت اور برکات کےمتعلق آگاہ کیا ۔ اعتکاف کی ان محافل میں دعائوں ، مجالس عزاء اور تلاوت قرآن کریم کے جلسات بھی منعقد کیے گئے ۔  اعتکاف کے لغوی معنی ٹھہرنے کے ہیں۔ لیکن شرعی محاورے میں دنیا کے تمام تر کاروبار و مصروفیات کو ترک کرکے عبادت الٰہی کی نیت اور رضائے الٰہی کے حصول کے جذبے کے تحت مسجد میں ٹھہر کر عبادت ‘ ذکر و اذکار‘ تلاوت قرآن مجیداور درس وتدریس کی محافل وغیرہ میں مشغول رہنے کو اعتکاف کہتے ہیں۔حالت اعتکاف میں کثرت سے نوافل کی ادائی اور تلاوت‘ دعا‘ ذکر و تسبیح و تہلیل درود شریف وغیرہ کے ذریعے اپنے رب سے تعلق استوار کرنا چاہیے۔

 اسی طرح مسجد میں قرآن وسیرت اہلبیت ؑ کادرس دینا اور وعظ و نصیحت کرنا بھی جائز و مستحسن عمل ہے۔ کیوں کہ یہ ذرائع عقائد و اعمال کی اصلاح میں بے حد ممد و معاون ثابت ہوتے ہیں۔اعتکاف کی بڑی فضیلت ہے۔ رحمت کائنات ﷺ کا ارشاد گرامی ہے، مفہوم: ’’ جو شخص اپنے بھائی کی حاجت روائی میں کوشاں ہو اور اس مقصد میں کام یاب ہو جائے تو (یہ عمل) دس سال کے اعتکاف سے اس کے حق میں بہتر ہے۔ اور جس نے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے ایک دن کا اعتکاف کیا تو اللہ تعالیٰ اس بندے اور جہنم کے درمیان تین خندقوں کی دوری کر دیتا ہے جن میں سے ہر خندق کی چوڑائی زمین و آسمان کی درمیانی مسافت سے بھی زیادہ ہے ۔‘‘چوں کہ ماہ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے اور اس ماہ مقدس میں اللہ رب العالمین کی رحمتیں اور بخششیں اپنے بندوں کے لیے دیگر ایام کی نسبت بہت زیادہ بڑھی ہوتی ہیں اور خالق کائنات اپنے گناہ گار بندوں کو جو اپنی شامت اعمال کی بدولت اللہ کے غضب اور جہنم کے مستحق ٹھہر چکے ہوتے ہیں۔

مالک کائنات اس ماہ مبارک میں انہیں اصلاح کا موقع عطا فرما دیتا ہے تاکہ اس کے بندے سارا سال کیے گئے گناہوں اور نافرمانیوں پر شرمندہ ہوکر اپنے رب کے حضور گڑگڑا کر اور اپنی جبین نیاز کو خم کرکے اپنے خالق حقیقی سے توبہ و استغفار کرلیں۔ اوریوں وہ مہربان پروردگار اپنی مخلوق کو جہنم سے آزادی کا پروانہ جاری فرما دیتا ہے۔ ماہ رمضان المبارک کی تمام تر عبادات کا محور رضائے الٰہی کا حصول ہی ہوتا ہے۔ اعتکاف بھی رمضان المبارک میں انجام پانے والے ایسے ہی پاکیزہ اعمال میں سے ایک ہے۔معتکف کا حالت اعتکاف میں سونا‘ جاگنا یا خالی بیٹھنا بھی عبادت ہے۔ لیکن حالت اعتکاف میں‘ جہاں تک ممکن ہو سکے اپنےپروردگار کو راضی کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

 اعتکاف کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ جہاں معتکف محض اعتکاف کے اجر و ثواب میں دو حج دو عمرے کا ثواب ملتا ہے جو وہ حالت اعتکاف میں یک سوئی کے ساتھ ادا کرتا ہے۔ تاہم ان خوش نصیب لوگوں کو اعتکاف کی برکت سے شب قدر کی فیوض و برکات سے بھی مستفید ہونے کا سنہری موقع مل جاتا ہے، جس کی ایک رات کی عبادت کا ثواب ہزار مہینوں سے بھی افضل ہے۔ لہٰذا دوران اعتکاف لایعنی باتوں اور مشاغل سے مکمل پرہیز ضروری ہے۔حسب سابق امسال بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی خواہران نے ماہ مبارک رمضان المبارک کے بابرکت ایام سے فیضیاب ہونے کے لئے سکھر ، کراچی (نیورضویہ ، اورنگی ) اور لاہور میں خواہران کے لئے اعتکاف کی محافل منعقد کیں جن میں مجلس سے وابستہ خواہران کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ان محافل میں دعا ،تلاوت قرآن کریم ۔ مجالس عزاء کے علاوہ خواہران کی روحانی اور معنوی تربیت کے لئے تربیتی دروس کا بھی اہتما م کیا گیا تھا ۔جسے اعتکاف میں شریک خواہران نے بہت سراہا اور شعبہ خواتین کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ ہر سال شعبہ خواتین ،خواہران کے لئے اعتکاف کی محافل برگزار کرے گا ان شاء اللہ۔

مماثل خبریں

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree