Print this page

شہزادہ علی اصغر ع کی قربانی آج بھی فکروں کو بیدار کر رہی ہے ،محترمہ حنا تقوی

21 اگست 2021

وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی جانب سے کربلا کے ننھے مجاہدوں شہزادہ علی اصغر علیہ سلام اور بی بی سکینہ سلام اللہ علیھا  کی یاد میں یوم علی اصغر و سکینہ علیھم السلام کا انعقاد ہوا جس میں بچوں کی کثیر تعداد سبز پوشاک زیب تن کیے ہوئے اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے امام حسین علیہ سلام کے ان ننھے بچوں کو خراج عقیدت دینے اور ان کے بے مثال قربانی سے جذبہ ایمانی حاصل کرنے کے لیے شریک ہوئے۔

 اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی نے کہا معرکہ کربلا کی فتح بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے خانوادہ محمد و آل محمد علیہم السلام کے اس کمسن مجاہد نے تپتے ہوئے صحرائے کربلا میں اپنی ننھی سی جان کا نذرانہ پیش کرکے یزیدیت کو ابدی نیند سلا دیا انہوں نے کہا آج ہم یہاں تجدید عہد کے لیے جمع ہوے ہیں ہمارے سامنے اپنے بچوں کے لیے شہزادہ علی اصغر ع کی مثال اور بچیوں کے لیے جناب سکینہ سلام اللہ علیھا کا کردار موجود ہے ہمیں اپنے بچوں اور بچیوں کی تربیت اس نہج پر کرنی ہے کہ وہ ان پاکیزہ نفوس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے زمانے کے امام ع سے قریب ہوجائیں۔

 ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا میرا سلام ہو اس عظیم ماں پر جس نے اپنی گود میں ایسے بچوں کی پرورش کی کہ جب امام حسین علیہ سلام نے ھل من ناصر ینصرنا کی صدا بلند کی تو جناب علی اصغر جو صرف چھ ماہ کے تھے انہوں نے اپنے آپ کو جھولے سے گراتے ہوے نداے امام پر لبیک کہا اور یہ پیغام دیا کہ جب وقت کا امام پکارے تو ہر کمسن جوان بوڑھے پر امام کو لبیک کہنا واجب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جناب سکینہ سلام اللہ علیھا کے کردار اور سیرت ہمارے لیے اسوہ ہے  اس کم سنی کے باوجود کہ جب شام غریباں میں بیبی سکینہ کے دامن کو آگ لگی اور راوی نے آگ کو بجھانا چاہا تو چار سالہ بچی نے کہا کہ اے شخص میرے قریب نہ آنا میرے سر پر چادر نہیں ہے میں سید ذادی ہوں ننھی شہزادی کے جس پر ابھی پردہ واجب بھی نہیں لیکن اس سختی اور غربت کی عالم میں بھی اپنے پردے کی محفاظت کر رہی ہیں ان کا مزید کہنا تھا ہماری بچیوں کو جناب سکینہ سلام اللہ علیھا کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوے کم سنی میں ہی اپنے حجاب کا خیال رکھنا چاہیے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree