وحدت نیوز(ماتلی) گستاخِ امام مہدی ؑ عبدالستار جمالی کی پھانسی کیلئے مجلس وحدت مسلمین ضلع ماتلی کی جانب سے احتجاجی ریلی المرتضیٰ ہوٹل سے ماتلی پریس کلب تک نکالی گئی اور ماتلی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے کی صورت میں اس کا اختتام ہوا۔
ریلی میں ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی ،رضا محمد سعیدی، مولانا مجاہد سعیدی، یعقوب الحسینی، ارشاد شیری، محب علی بھٹو، علی ڈینو شورو سمیت دیگر رہنماوں و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی مظاہرین نے پلے کارڈز و بینرز اٹھائے ہوئے تھے جس پر اہلبیت ع کی شان میں گستاخی کرنے والے گرفتار مجرم عبدالستار کی پھانسی اور ماتلی میں اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ درج تھااور مظاہرین نے اپنے نعروں میں بھی ماتلی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں مجرم کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور سر عام پھانسی کی سزا کا مطالبہ کیا ۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا کہ ملک و اسلام دشمن عناصر سندھ میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔لیکن الحمد اللہ سندھ کی باشعور عوام ان کی سازشوں کو اپنے اتحاد سے ناکام بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شان رسالت اور اہلبیت علیہ السلام کی ذات اقدس کے حوالے سے تمام مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر متفق ہیں اور ان کے احترام کو ایمان کا حصہ قرار دیتے ہیں۔سوشل میڈیا پر امام مہدی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والے ملعون عبد الستار جمالی نے امت مسلمہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا۔عبد الستار جمالی نہ صرف مقدسات کی توہین کا ارتکاب کیا ہے بلکہ پورے ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکا نے کی مذموم کوشش بھی کی ہے۔ اس اقدام کے خلاف گستاخ مجرم عبد الستار کو سر عام پھانسی کی سزا دی جائے اور ماتلی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں گستاخ عبد الستار کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے 29 نومبر بعد نماز جمعہ ٹنڈو محمد خان میں اس حوالے سے احتجاج کیا جائے گا۔
مظاہرین سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ رضا محمد سعیدی کا کہنا تھا کہ اولیا اللہ کی سندھ دھرتی میں فرقہ واریت پھیلانے والوں کی کوئی گنجائش نہیں ہم محمد ﷺ اور ان کی آل پر جانیں لٹانا سعادت سمجھتے ہیں ان ہستیوں کا احترام تمام مکاتب فکر کرتے ہیں اور ان پر عقیدہ سب کا مسلمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لئے بیرونی آقاؤں کے اشارو ں پر چلنے والے یہ ناعاقبت اندیش کبھی توہین رسالت کے مرتکب ہو تے ہیں تو کبھی اہل بیت رسول کے خلاف ہرزہ سرائی کر کے سندھ کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کا گھناؤنا کھیل کھیل رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ عبد الستار جمالی کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے توحین رسالت کرنے والی گساخ کی پھانسی تک احتجاج جاری رہیں گے۔مظاہرے کے اختتام پر علامہ مجاہد حسین سعیدی نے دعا کر وائی بعد اذاں مظاہرین پر امن منتشر ہو گئے۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سینئررہنما اور رکن شوریٰ عالی عارف قنبری کوایک مرتبہ پھر گرفتار کرلیا گیاہے۔ انہیں انسداددہشت گردی عدالت میں پیشی کے دوران گرفتار کرکے ڈسٹرکٹ جیل گلگت منتقل کردیا گیاہے ۔ ان کا جرم فقط مظلوم یمنی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرناہے ۔
تفصیلات کے مطابق عارف قنبری اور شیخ شہادت حسین کو عدم پیشی کی صورت میں انسداددہشت گردی عدالت نے گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ان کی ضمانت منسوخ کردی ۔ چند برس قبل یمن میں سعودی مظالم کے خلاف احتجاج کرنے پر ایم ڈبلیوایم کے متعدد رہنماؤں پر بلاجواز مقدمات بنائے گئےتھے ۔ ان رہنماؤں میں عارف قمبری ، شیخ شہادت حسین، علامہ شیخ نیئر عباس، الیاس صدیقی اور غلام عباس بھی شامل ہیں ۔
ابھی چند روز قبل ایم ڈبلیوایم کے رہنما غلام عباس کو بھی عدالت نے ضمانت منسوخ کرتے ہوئے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیئے تھے اور چند روز کی قید کے بعد انہیں دوبارہ ضمانت پر رہا کروالیا گیا تھا۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس نے جشن آمد سیدالانبیا خاتم النبیین رحمت العالمین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے اتحاد بین المسلمین اور باہمی اخوت و محبت کی ترویج کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی وحدت کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ملک کی تمام مکاتبِ فکر کی مذہبی شخصیات اور مشائخ عظام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی دعوت پر تمام مسالک اور مذاہب کا ایک چھت تلے جمع ہونا قوم کیلئے بہت بڑی خوشخبری ہے، تمام شخصیات نے ایم ڈبلیو ایم کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ دشمنوں کے مقابلے کیلئے ہم متحد ہیں کوئی بھی مسلمانوں میں نفاق پیدا نہیں کر سکتا۔
دورہ لاہور مکمل کرکے اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس کا مزید کہنا تھا کہ دین اور وطن کیلئے وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے، ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ وحدت کیلئے کوشش کی ہے، حالیہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد نے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے ہیں، میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں ملک بھر میں یادگار تقاریب کا انعقاد جاری ہے۔ انہوں نے حکومتِ پنجاب بالخصوص وفاقی حکومت کی طرف سے پذیرائی دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) کارنیلین کے زیراہتمام پرامن پاکستان اور ٹالرینس کرکٹ لیگ پروگرام مسکان ہال جیکب آباد میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خاص سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم معین خان تھے۔ اس موقعہ پر تقریب میں (رواداری میں کھیلوں کا کردار) کے موضوع پر گروپ ڈسکشن ہوئی۔ جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی شہری اتحاد جیکب آباد کے صدر محمد اکرم ابڑو ایس ایس پی جیکب آباد بشیر احمد بروہی مسیحی پادری شیرون یوسف ھندو کونسلر شریک ہوئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات اور منفی سرگرمیوں سے بچانے کے لئے کھیل اور ورزش ضروری ہے۔انہوں نےکہا کہ سندہ کی سرزمین صدیوں سے رواداری اور مذہبی بھائی چارے کا مرکز رہی ہے یہاں حضرت لعل شہباز قلندر حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی اور سچل سرمست جیسے بزرگوں نے امن محبت اور رواداری کا درس دیا۔ یہی سبب ہے کہ آج بھی محرم کی عزاداری پو یا ربیع الاول کا میلاد تمام مکاتب فکر کے درمیان اخوت اور رواداری نظر آتی ہے۔انہوں نےکہا کہ ایمان امن سے جبکہ اسلام سلامتی سے نکلا ہے۔ دین مقدس اسلام نے ہمیں امن و سلامتی اور رحمت کا درس دیا ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ مبشر حسن نے کہاکہ مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے ،مارکیٹوں میں حکومتی رٹ نظر نہیں آرہی ۔کمشنر کراچی سرکاری نرخ پر اشیاء ضروریہ اور خوردونوش کی دستیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے اجلاس میں بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے علامہ مبشر حسن نے کہاکہ حالیہ مہنگائی کی ایک بڑی وجہ ناجائز منافع خوری ہے۔ محکمہ پرائس کنٹرول کو زیادہ فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتیں مصنوعی طور پر بڑھائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب آدمی کی کمر توڑرہا ہے۔عوام اپنے بچوں کو فاقے کروانے پر مجبور ہورہے ہیں ۔ مہنگائی اسٹریٹ کرائم اور دہشت گردی میں اضافہ کا بھی سبب بن رہی ہے۔ حکومت گراں فروشوں کے خلاف فوری موثر کاروائی کو یقینی بناتےہوئے مہنگائی کی چکی تلے پسےبد حال عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و فوکل پرسن برائے مذہبی ہم آہنگی حکومت پنجاب سید اسد عباس نقوی نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے کڑا احتساب بنیادی شرط ہے۔ قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والوں کو جب تک انصاف کے کٹہرے میں لا کر کڑی سزائیں نہیں دی جاتیں تب تک عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ذمہ دار ماضی کے وہ حکمران ہیں جنہوں نے عوام کے ٹیکسز کو اپنی ذاتی دولت سمجھتے ہوئے بے دریغ خرچ کیا۔قومی اداروں کو نفع بخش بنانے کی بجائے غیر ملکی قرضوں پر انحصار کی سزا غریب عوام آج مہنگائی کی شکل میں بھگت رہے ہیں۔ان لٹیروں سے لوٹی ہوئی رقم واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کرائی جانی چاہئے تاکہ ہر کسی کو ریلیف مل سکے اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہو۔انہوں نے کہا جو لوگ احتساب کے عمل کو انتقامی کاروائیوں کا نام دے کر رکاوٹیں پیدا کرنا چاہتے ہیں وہ ملک و قوم کے دشمن ہیں۔حکومت اور ریاستی اداروں کو عوام بغیر کسی دباو¿ کے مثبت سمت کی طرف بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔