وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے زیراہتمام ولادت باسعادت حضرت محمد (ص) کے سلسلے میں سالانہ میلادالنبی ریلی نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیوملتان سے نکالی گئی ،ریلی کی قیادت علامہ قاضی نادر حسین علوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں راو محمد عارف رضوی، رکن الدین حامدی، مولانا وسیم عباس معصومی، مولانا عمران ظفر، مولانا غلام جعفر انصاری، مولانا فرمان حیدر، سلیم عباس صدیقی،مرزا وجاہت علی، مظہر عباس کات، وسیم عباس زیدی، سید دلاور عباس زیدی، سید ندیم عباس کاظمی، عاطف حسین نے کی۔
ریلی گلشن مارکیٹ، مدنی چوک، چوک کمہارانوالہ، معصوم شاہ روڈ ، علی چوک، دولت گیٹ چوک ، حسین آگاہی سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پہنچی ، جہاں قائدین نے خطاب کیا، راستے میں جگہ جگہ ریلی کے شرکاء کا استقبال کیا گیا، چوک کمہاراں والا ، کچی سرائے اور دولت گیٹ چوک پر استقبال کیا گیا،ریلی میں مسجد نبوی کے ماڈل اور سبز پرچم نمایاں تھے، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ملک کو اس وقت اتحاد و وحدت کی اشد ضرورت ہے، رسول خدا کی ذات تمام عالم اسلام کے لئے نقطہ اتحاد ہے، ہمیں رسول خدا کی محبت میں ایک ہونے کی ضرورت ہے، شیعہ سنی وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم اس ملک میں شیعہ سنی وحدت کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، حکومت کی جانب سے عید میلادالنبی کے موقع پر انتظامات قابل تحسین ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ میلاد کونسل کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ الحمداللہ ہر سال عاشقان مصطفی کے جوش و جذبے اور ولولے میں اضافہ نظر آرہا ہے، متحدہ میلاد کونسل ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے میلادالنبی ریلی کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہے، ہمیں اس شہر اور ملک کو خوبصورت بنانے کے لئے اسی اخوت اور محبت کی ضرورت ہے، ہم عاشقان مصطفی کے خادم ہیں،علامہ قاضی نادر علوی کا کہنا تھا کہ اس وقت جو ملکی صورتحال ہے اس میں رسول خدا کی عملی سیرت کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف زبانی دعوے خرچ سے معاشرہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا، ہر شخص اپنی ذمہ داری ادا کرے گا تب ملک میں امن اور خوشحالی آئے گی۔ ریلی میں فخر نسیم، رانا فیضان الحسینی، ثقلین نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔ ریلی کے آخر میں ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے فلسطین پر اسرائیل کے حالیہ فضائی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت ساری دنیا کے امن کو تہس نہس کر کے رکھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل مظالم میں مسلسل اضافہ پریشان کُن ہے۔اسرائیلی کے جارحانہ عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ فلسطین کا مسئلہ محض زمینی تنازع نہیں بلکہ یہ نسلوں کی بقا کا معاملہ ہے۔اسرائیلی بربریت پر اقوام عالم کی دانستہ چشم پوشی عالمی امن کو ناقابل تلافی نقصان کی طرف دھکیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد سمیت متعدد قیمتی جانوں کا ضیاع ایک انتہائی المناک سانحہ ہے ۔اسرائیلی مظالم پر امت مسلمہ کی مجرمانہ خاموشی زخمی سینوں پر تیر چلانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر اور یمن سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں مسلمانوں کو بدترین انتقامی کاروائیوں کا سامنا ہے۔ عالم اسلام کی خاموشی نے دشمنوں کے حوصلے بلند کیے ہوئے ہیں۔امت مسلمہ کو اپنی بقا کے لیے ان مظالم کے خلاف آواز بلندکرنا ہو گی۔یہود و نصاری مسلمانوں کے ازلی دشمن ہیں اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
انہوںنے مزیدکہاکہ باوقار زندگی گزارنے کا اصول اورحالات کا تقاضہ یہ ہے کہ دشمن کو اسی کے لہجے میں جواب دیا جائے۔ امت مسلمہ نے اگر یہ بے حسی ترک نہ کی تو پھر سنگین نتائج کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔
وحدت نیوز (سجاول) ضلعی انتظامیہ اورکالعدم تکفیری جماعت بعنوان (سیرت کمیٹی سجاول) کی جانب سے جشن عید میلاد النبیؐ کے انعقاد کے حوالے سے تمام تر سازشوں اور پابندیوں کے باوجود مجلس وحدت مسلمین ضلع سجاول کی جانب سے عظیم الشان عید میلاد النبیؐ ریلی اور جشن میلاد بمناسبت ولادت رسول خداؐاور امام جعفرصادق ؑ کا انعقاد۔
میلاد مصطفیٰ ص ریلی ایریگیشن کالونی سجاول سے ایم ڈبلیوایم کےضلعی سیکریٹری جنرل حاجی مظفر علی لغاری کی قیادت میں نکلی جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل برادر یعقوب حسینی نے خصوصی شرکت کی۔
ریلی مین کراچی بدین روڈ سے ھوتی ھوئی پبلک پارک سجاول۔شاہی بازار سجاول سے ھوتی ھوئی مین بس اسٹاپ پنجتن پاک بیکری گراؤنڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ماموں لاڈو چوک سجاول پرریلی کے شرکاء سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع سجاول فیاض حسین شیخ اور اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری تعلیم و تربیت علی حسن حسینی نے خطاب کیا جبکہ عاشقان رسولِ خدا ص نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
بعد ازاں حیدری چوک پنجتن پاک بیکری پر شاندار محفل جشن میلاد رسول خداؐاور امام جعفرصادق ؑ کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر نظرحسین سولنگی، یعقوب حسینی، مظفر لغاری، مختاردایو، فرحت عباس، ممتاز لغاری، منصورشاہ زیدی اور گل محمد لغاری نے خطاب کیا جب کہ بڑی تعداد میں شیعہ سنی عوام نے شرکت کی ۔
وحدت نیوز(کراچی) شہر قائد میں آوارہ کتوں کی بہتات نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔مختلف علاقوں میں بچوں اور خواتین کو آوارہ اور پاگل کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ تشویش ناک ہے۔ حکومت سندھ اور شہری حکومت ان واقعات کا فوری نوٹس لیکر کتوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کریں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل سید عارف رضازیدی نےضلعی سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ پورے شہر بالخصوص ضلع ملیر میں آوارہ اور پاگل کتوں کی بھرمار ہے۔ دن ہویا رات شہریوں کی آمد ورفت مشکل بن گئی ہے ۔موقع پاتے ہی آوارہ اور پاگل کتے معصوم بچوں، خواتین ، بزرگوں اور جوانوں پر حملہ کردیتےہیں ۔ گذشتہ روز جعفرطیار سوسائٹی میں اسکول جاتی بچی بھی ایک آوارہ کتے کے کاٹنے سے شدید زخمی ہوئی ۔
عارف رضا زیدی نےکہاکہ ایک جانب حکام ان کتوں کے خلاف کوئی کاروائی کرتے نظر نہیں آتے تو دوسری جانب کتوں کے کاٹے کی ویکسین بھی اسپتالوں میں دستیاب نہیں جس سے شہریوں کی قیمتی زندگیاں داؤ پرلگی ہوئی ہیں ۔ عارف رضا زیدی نے سندھ اور شہری حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور شہر میں موجود آوارہ اور پاگل کتوں کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات بروئے کار لائے جائیںاور اسپتالوں میں کتوں کے کاٹے کی ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ برکت علی مطہری نے رحمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ اور حضرت امام جعفر صادق ﷺ کے یوم ولادت کے موقعہ پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ رسول ﷺ و آل رسولﷺ سے مودت کا اظہار ہی اجر رسالت ہے۔ جشن میلاد النبی کی تقریبات میں شیعہ سنی برادران کی مشترکہ شرکت اس حقیقت کی عکاس ہے کہ دونوں مکاتب فکربھائی چارے کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور نبی کریم ﷺ کی ذات مقدسہ کو مرکز اتحاد سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ان قوتوں کو شکست دی جا سکتی ہے جو اسلام کے نام پر گمراہی پھیلانے میں مصروف ہیں۔ اسلام دشمنوں کے ان آلہ کاروں کا مقصد اسلام کے حقیقی تشخص کو داغدار کرکے اقوام عالم کو مسلمانوں سے متنفر کرنا ہے۔جو عناصر اسلام کا لبادہ اوڑھ کر مسلمانوں کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں ان کو شیعہ سنی مل کر بے نقاب کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ دوسروں کے گلے کاٹنے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ 17 ربیع الاول کو جشن ولادت کے موقعہ پر مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے زیر اہتمام صوبہ بھر میں تقریبات کا اہتمام ہو گا۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخواہ کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا وحید عباس کاظمی نے ر حمت اللعالمین حضرت محمد ﷺ اور حضرت امام جعفر صادق ﷺ کے یوم ولادت کے موقعہ پر اپنے بیان میں کہا ہے رسول ﷺ و آل رسول ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کردنیاوی مشکلات سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکتا ہے۔ عالم اسلام کے باہمی تنازعات امت مسلمہ کے لیے دور عصر کا سب سے بڑا چیلنج ہے جس سے نبردآزما ہونے کے لیے نبی کریم ﷺ کی سیرت کو مشعل راہ بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺ نے ان قبائل کو بھائی بھائی بنا دیا جو ایک دوسرے کے جانی دشمن تھے۔ آج اسی اتحاد و اخوت کی ضرورت ہے۔ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو اختلافات میں الجھا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ دانشمندی کا تقاضہ یہ ہے کہ مسلمان یکجا ہو کر ان عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنائیں۔
انہوں نے کہا نبی کریم ﷺ ساری کائنات کے لیے رحمت بن کر آئے ہیں۔جو لوگ اسلام کے نام پر دہشت گردی اور خون خرابہ کرتے ہیں ان کا اسلام سے دور کا بھی تعلق نہیں۔ ہمیں ایسے اسلام دشمنوں کے پٹھووں سے ہوشیار رہنا ہو گا۔ اس وقت یہود و نصاریٰ کا اولین ہدف امت مسلمہ کی تباہی و تنزلی ہے۔ مسلمانوں کو اختلافات میں الجھا کر دشمن ہمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرنا چاہتا ہے استعماری سازشوں کووحدت و اخوت کے ہتھیار سے ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
انہوںنے مزید کہاکہ اب پوری دنیا کے مسلمانوں کا اختلافات کو نظر انداز کر مشترکات پر باہم ہونے کا وقت آن پہنچا ہے۔اس حقیقت سے صرف نظر امت مسلمہ کی تباہی کا باعث بنے گا۔انہوں نے کہا کہ جشن ولادت معصومین علیہم السلام کے موقعہ پر صوبہ خیبرپختونخواہ کے مختلف حصوں میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔