وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور وارثان شہداء کمیٹی کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے شکارپور کے شہداء کی 5 ویں برسی کے موقع پر شکارپور میں عظیم الشان عظمت شہداء کانفرنس و ریلی منعقد ہوگی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے جید علماء کرام اکابرین ملت اور وارثان شہداء شریک ہوں گے۔
انہوں نےکہا کہ شکارپور کو آج دھشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے اور محرم اور ایام عزا میں حکومت نے شکارپور کو انتہائی حساس اضلاع میں شامل کیا مگر اس کے باوجود شکارپور کی مساجد اور امام بارگاہوں سے سیکورٹی کلوز کی جا رہی ہے اور 72 شہداء اور مختلف سانحات کے کیسز لڑنے والے وکیل مظہر حسین کی سیکورٹی کلوز کر دی گئی ہے۔
در ایں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے ہوم سیکریٹری سندہ سے رابطہ کرکے انہیں شکارپور کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔انہوں نےکہا کہ شکارپور میں دھشت گردی کے متعدد سانحات میں وارثان شہداء کے وکیل کی سیکورٹی کلوز کرنے پر ہمیں شدید تحفظات ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شکارپور میں ہمارے وکیل کو فی الفور تحفظ دیا جائے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم ولادت حضرت محمد ص و امام جعفر صادق علیہ السلام کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رسول اللہ ص اور اہل بیت اطہار علیہم السلام سے تمسک ہی دنیاوی و اخروی نجات کی ضمانت ہے۔نبی کریم ص کی ذات اقدس امت مسلمہ کے لیے مرکز اتحاد ہے۔امت مسلمہ کی تنزلی کی واحد وجہ اسلامی تعلیمات سے دوری ہے۔رسول کریم ص کی تعلیمات پر عمل کر کے عالم اسلام باہمی تنازعات سے چھٹکاراحاصل کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر نفاق کا درس دینے والے مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں، دشمن ہیں۔حضرت محمد ص کی تعلیمات عصبیت وفرقہ واریت کی نفی کرتی ہیں۔خاتم النبیین وہ ذات مقدسہ ہیں جنہوں نے جانی دشمنوں کو بھائی بھائی کے مثالی رشتے میں بدلااور ایک فلاحی ریاست قائم کر کے اسلام کی حقانیت کو تسلیم کرایا۔پرامن معاشرے کے قیام اور رواداری کے فروغ کے لیے تعلیمات نبوی پر عمل پیرا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ اس وقت یہود و نصاریٰ کا اولین ہدف امت مسلمہ کی تباہی و تنزلی ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے کہاکہ مسلمانوں کو اختلافات میں الجھا کر دشمن ہمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا کرنا چاہتا ہے۔ہمیں ان حالات کا بارک بینی سے درک کر کے بابصیرت طرز عمل اختیار کرنا ہوگا۔عالم استعمار واستکبار کی سازشوں کوجس ہتھیار سے ناکام بنایا جا سکتا ہے اس کا نام ”وحدت و اخوت“ ہے۔ اب پوری دنیا کے مسلمانوں کا اختلافات کو نظر انداز کر مشترکات پر باہم ہونے کا وقت ہے۔امت مسلمہ کی سا لمیت و بقا کایہی واحد راستہ ہے۔
انہوں نے کہا جشن عید میلاد النبی کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین 17نومبر کو ایوان اقبال لاہور میں ایک عظیم الشان وحدت کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔جس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ،اکابرین اور نامور شخصیات شریک ہوں گی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے17نومبر بروز اتوار ایوان اقبال لاہور میں منعقدہ وحدت کانفرنس کی دعوتی مہم زوروشور سے جاری ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات اور فوکل پرسن حکومت پنجاب برائے بین المذاہب ہم آہنگی سید اسدعباس نقوی نے اس سلسلے میں دربار شاہ شمس ؒپر حاضری دی اور سجادہ نشین مخدوم طارق عباس شمسی سے ملاقات کی اور وحدت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
بعد ازاں انہوں نے سجادہ نشین تونسہ شریف خواجہ عطاءاللہ تونسوی، سجادہ نشین غوث پاک نورانی سید غوث العالمین گیلانی ؒ، مہتمم جامعہ احیاء العلوم پھول نگر مفتی محمد ضیاالحسنین سےعلیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں وحدت کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان نیازی کے مرکزی رہنما ڈاکٹر امجد چشتی ، ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ قاضی نادر علوی، انجینئر سخاوت علی مہر بھی اسد عباس نقوی کےہمراہ تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) اتحاد امت مصطفی دور حاضر کی سب سے اہم ضرورت ہے، اتحاد امت مصطفی و استحکام پاکستان کیلئے عملی کوششیں جاری رکھتے ہوئے ایم ڈبلیوایم ایوان اقبال لاہور میں 17 نومبر کو ایک عظیم الشان کانفرنس بنام وحدت کانفرنس منعقد کر رہی ہے ۔جس میں تمام مسالک و مذاہب کے نمائندگان خصوصی طور پر شرکت کریں۔ان خیالات کا اظہارمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات و فوکل پرسن برائے انسانی حقوق و بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پنجاب سید اسد عباس نقوی نے میڈیا سیل جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہاکہ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 12 تا 17 ربیع الاول کو ہفتہ وحدت و اخوت منانے کا اعلان کیا تھا،عظیم الشان وحدت کانفرنس بھی اس ہی سلسلے کی ایک کڑی ہے پاکستان کے بزرگ و نامور علماءو مشائخ کوکانفرنس کی دعوت دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔
انہوں نے مذید کہا کہ وحدت کانفرنس میں پنجاب بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اہل سنت و اہل تشیع مسلمانوں کی بھرپور شرکت ہوگی اور یہ کانفرنس وطن عزیز کو سامراجی پروپگنڈوں کے باعث درپیش مسائل کو حل کرنے ملت اسلامیہ پاکستان میں وحدت و اخوت کا جذبہ اجاگر کرنے اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کو جشن میلاد النبی کے جلوسوں میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے عہدیداروں اور کارکنان نے استقبالیہ کیمپ، لنگر، نیاز اور مشروبات کی سبیلیں لگا کر ہفتہ وحدت و اخوت کو عملی شکل میں پیش کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان اتحادِ امت مصطفیٰ و استحکامِ پاکستان کیلئے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی خارجی و داخلی قوت کو جسارت کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اس اتحاد کی فضا کو خراب کر ے یا ملکی سا لمیت کو نقصان پہنچا سکے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) ہفتہ وحدت کی مناسبت سے مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں زائرین کے علاوہ معززین شہر اور مومنین کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حضرت سید الانبیاء ص کی ذات گرامی امت مسلمہ کے درمیان مرکز وحدت ہے۔ ان کا پاکیزہ کردار اور سیرت طیبہ آج بھی اقوام عالم کے لئے بہترین نمونہ عمل ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے مبارک موقع پر پیغمبر اکرم ص سے تجدید عہد کرتے ہیں۔ عصر حاضر کی جاہلیت نے ایک بار پھر انسانیت کا سر شرم جھکا دیا ہے۔ آزادی اور جمہوریت کے خوشنما نعروں کے ساتھ عصر حاضر میں معصوم انسانوں کا قتل عام روز کا معمول بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حقوق نسواں کے نام پر عصر حاضر کے ابوجہل اور ابولہب نے جس طرح عفت حیاء اور غیرت جیسی اعلی انسانی صفات کی توہین کی ہے وہ افسوسناک ہے۔ مغربی ثقافتی یلغار نے اسلامی اقدار پر جو شب خون مارا ہے اس نے دور جدید کی جاہلیت کو بے نقاب کر دیا ہے۔اس موقع پر زائرین کربلا کو پھولوں کے ہار پہنا کر مبارک باد پیش کی گئی۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین گڑھی شاہو یونٹ لاہور میں رھبر کبیر امام خمینی رح کے فرمان پرعمل کرتے ہوۓ ہفتہ وحدت کے سلسلے میں محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ محترمہ عظمیٰ نقوی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور نے محفل میلاد سے خطاب کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ عظمی نقوی نے فضائل و مناقب ختمی مرتبت آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بیان کیے۔
پیام وحدت دیتے ہوۓ ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام مسلمان مسالک متحد ہو کر ایک امت بن جائیں تو یقیناً ناقابل شکست طاقت بن کر ابھریں گے۔ آپس میں اتحاد و یگانگت ، بھائی چارہ اور رواداری و مساوات قائم کرکے مسلمانان عالم اپنا کھویا ہوا تشخص و وقار اور تمام اقوام پر غلبہ و حاکمیت دوبارہ پا سکتے ہیں محفل میلاد میں اہلسنت و اہل تشیع خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔