وحدت نیوز(اسلام آباد) ذاتی مفاد واقتدار کی ہوس کے لئے دھرنا دینے والوں کے مخالف ہیں ۔احتجاج ہر پاکستانی شہری کا حق ہے لیکن مولانا کا ایجنڈہ انتشار اور اپنی ذات کی تسکین ہے ۔ان خیالات کا اظہار فوکل پرسن وزیراعلی پنجاب ومرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیوایم سید اسد عباس نقوی نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہردور حکومت میں اقتدار کے مزے لوٹنے والے سے ایک سال اقتدار سے دوری برداشت نہیں ہو رہی ہے ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ مولانا فضل الرحمان جن جماعتوں پر انحصار کر کے اسلام آباد لاک ڈاون کرناچاہتے ہیں وہ درحقیقت مولانا فضل الرحمان کو دھکیل کر اسلام آباد لانا چاہتے ہیں کیا ن لیگ اور پی پی پی کے پاس ایسے کارکن ہیں جو مولانا فضل الرحمان کے نعروں پر لبیک کہیں گئے ؟ پورے پنچاب میں پی پی پی اور ن لیگ کے احتجاجات اور پروگرامات میں چند چہرے ہی ہر جگہ نظر آتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان کا دھرنا ایک بے مقصد اور بے وقت کا راگ ثابت ہو گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اور فوکل پرسن بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پنجاب
سید اسدعباس نقوی کی سربراہی میں ہنگو کے مشران نے وفدکی صورت میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مشیر سید ذلفی بخاری کے والد سید واجد بخاری سے اہم ملاقات کی ہے ۔
وفد اور سید واجد بخاری کے درمیان کے پی کے اور خصوصا ہنگو کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔ وفد نے ہنگو میں تکفیری جماعت کی جانب سے علاقائی امن وامان اور شیعہ سنی وحدت کے خلاف حالیہ اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنماعلامہ اقبال بہشتی ،علامہ ارشاد علی ، جناب حسینی صاحب ،ملک عرفان علی ایڈوکیٹ، سید ابن علی شیرازی اورسید محسن شہریار بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(جھل مگسی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی کی ڈی پی او ضلع جھل مگسی گلاب خان شیخ سے ملاقات مختلف امور پر تبادلہ خیال۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے گنداواہ کی معزز شخصیت سید قاسم شاہ حسینی سید عرفان علی شاہ اور ایم ڈبلیو ایم کے سابقہ ضلعی سیکرٹری جنرل سید ولایت حسین شاہ ایڈووکیٹ کی رہائشگاہ پر شہر کے مومنین اور معززین سے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اربعین کا عالمی اجتماع تاریخ بشریت کا بے مثال اجتماع ہے جو اہل حق کو عالمی الہی حکومت اور نظام ولایت و امامت کے غلبے کی نوید دے رہا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہمیشہ مظلومین جہان کے حق میں اور ظالموں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
انہوں نےکہا کہ چین ہمارا قابل اعتماد دوست ہے۔ ہمیں امریکہ اور آل سعود کی غلامی سے نکل کر ایک آزاد اور خودمختار قوم کی طرح اپنی داخلہ اور خارجہ پالیسی کو مرتب کرنا ہوگا۔ انہوں نےکہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہمیں ابھی سے تیاری کرنی ہوگی تاکہ بہتر منصوبہ بندی کے ذریعہ ہم نچلی سطح تک اپنے نمائندے لا سکیں۔اس موقعہ پر سید ولایت حسین شاہ ایڈووکیٹ نے اپنے والد محترم سید حاکم علی شاہ کے ہاتھ سے لکھے ہوئے قرآن کریم کی زیارت کرائی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین کی علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے ملاقات ،مقبوضہ کشمیر سمیت ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی گفتگو ۔ مسئلہ کشمیر ہماری اولین ترجیحات میں سے ہے حکومت ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ۔ گلگت بلتستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گئے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی
حکومت کےمسئلہ کشمیر اور امت مسلمہ کے مسائل پر اقوام عالم میں دوٹوک موقف کی تائید کرتے ہیں ۔حکومت کو زائرین کے حوالے سے مستقل پالیسی بنانی ہوگی گلگت بلتستان کے لوگ سب سے بڑے محب وطن پاکستانی ہیں انہیں مذید محروم نہ رکھا جائے حکومت کو مسنگ پرسن کے ایشو پر خصوصی توجہ کرنا ہوگی، ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے وفد کے ہمراہ ملاقات میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کے لئے اس وقت اولین حیثیت رکھتا ہے ۔حکومت وقت نے بہتر انداز میں اقوام عالم کے سامنے اس مسئلے کو اجاگر کیاہے ۔ ہمیں کشمیر کو ایک دن کے لئے بھی فراموش نہیں کرنا چاہئے ۔ کشمیر تکمیل پاکستان کا اہم حصہ ہے ۔زائرین کے مسائل کی جانب توجہ دلاتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیوایم نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں ہر سال پاکستانی زائرین مقدس مقامات کی جانب سفر کرتے ہیں گزشتہ ادوار میں اس جانب بلکل توجہ نہیں دی گئی ۔ حکومت زائرین کے حوالے سے مستقل پالیسی بنائے تاکہ ان کے مسائل کا بہتر تدارک کیا جاسکے ۔ انہوں نے مذید کہا کہ وطن عزیز کا ہر فرد ملک سے محبت کرتا ہے لیکن گلگت بلتستان کے لوگ سب سے بڑے محب وطن پاکستانی ہیں انہیں مذید محروم نہ رکھا جائے۔
ا نہوں نے مذید کہا کہ اس وقت ملک میں مسنگ پرسنز کا مسئلہ توجہ کا طالب ہے کسی بھی پاکستانی شہری کو لاپتہ رکھنا انسانی حقوق اور آئین قانون کی خلاف ورزی ہے ۔تحریک انصاف کی حکومت اس اہم سنگین مسئلے پر فوری قانون سازی کرئے ۔صدر مملکت سے ملاقات میں گلگت بلتستان کے آئینی حقوق سمیت تعلیم روزگار کے مواقع اور صحت کی سہولتوں پر بھی بات کی گئی ۔
ایم ڈبلیوایم کے وفد سے بات کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کو وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ امریکہ اور کشمیراور امت مسلمہ مسائل کے حل حوالے سے حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم کے وفد کو خوش آمدید کہتا ہوں ،مجلس وحدت مسلمین کی امت مسلمہ کے مسائل اور اتحاد امہ کے وژن کی تائید کرتے ہیں ۔ ہم ملک میں آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی کوششیں کر رہے ہیں ۔ زائرین کے مسئلے پر تحریک انصاف کی حکومت سے قبل کسی نے اتنی توجہ نہیں دی اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کریں گے ۔
گلگت بلتستان کے مسائل پر بات کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حوالے سے تحریک انصاف کا واضع موقف ہے ہم گلگت بلتستان کی عوام کی محبت اور وفاداری کے مقروض ہیں ۔ تحریک انصاف کی حکومت گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں سمیت تعلیم صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اقدامات کررہی ہے ۔ ملاقات میں آئندہ گلگت بلتستان کے الیکشن پر بھی بات چیت کی گئی ۔ ایم ڈبلیوایم کے وفد میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیوایم سید ناصر شیرازی ، فوکل پرسن حکومت پنجاب و مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی ، ڈپٹی پولٹیکل سیکرٹری سیاسیات سید محسن شہریار بھی شامل تھے ۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) سیکرٹری فلاح و بہبود مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر مولانا سید زاہد حسین کاظمی کے والد محترم،حلقہ کوٹلہ کی معروف سیاسی،سماجی ومذہبی شخصیت سیدغلام سرورشاہ کاظمی المشہدی گزشتہ دنوں انتقال کرگئے،مرحوم مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید طالب حسین ہمدانی کے ماموں و سسرتھے۔مرحوم کی نماز جنازہ پیچھپی سیداں کے مقام پر ادا کردی گئی نماز جنازہ میں کثیر تعدادمیں سیاسی،سماجی،مذہبی،عمائدین و عوام علاقہ نے شرکت کی جن میں علامہ مفتی سید کفایت حسین نقوی،علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر،علامہ سید فرید عباس نقوی ممبر علماء و مشائخ کونسل آزاد کشمیر،شیخ احمد علی سعیدی ،مولانا حافظ کفایت حسین نقوی ،مولانا سید حمید حسین نقوی،مولانا قاری مختار شاہ ہمدانی کے علاوہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی راہنما و امیدوار اسمبلی حلقہ کوٹلہ سردار تبارک علی،جماعت اسلامی کے راہنما سید نزیر حسین شاہ پی پی کے راہنما اظہرحسین ہمدانی ایڈوکیٹ اور دیگر نے شرکت کی ۔
مرحوم سید غلام سرور کاظمی المشہدی کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔مرحوم کی رسم قل مورخہ 09اکتوبر 2019 کو مولانا زاہد حسین کاظمی کی رہائش گاہ ادا کی گئ۔اس موقع پرعلامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نےخطاب کرتے ہوۓ مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے جو خلق خدا کے لیے خدمات سر انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں مرحوم نے اپنی ساری زندگی خلق خدا کی خدمت اسلام کی تبلیغ اور انسانیت کی فلاح بہبود کے لیے وقف کئے رکھی۔مرحوم کا شمار علاقہ کی بااثر سیاسی و سماجی شخصیات میں ہوتا تھا،مرحوم کی وفات سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ صدیوں پُر نہیں ہوگا،مرحوم غلام سرورکاظمی المشہدی نے علاقہ میں فروغ شعیت و اتحاد بین المسلمین کے لئے جو خدمات سرانجام دی وہ سب کے سامنے عیاں ہیں،مرحوم کی محنت سے اس وقت علاقہ کہوڑی،پٹہیکہ میں ایک بڑی تعداد میں عزاداری و محافل میلاد ہو رہی ہیں۔
علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نےمزیدکہا کہ مرحوم نے دین اسلام کے لیے جو خدمات سر انجام دی ہیں ان کا ثواب ان کو تا قیامت ان کے نام اعمال میں لکھا جاتا رہے گا انہوں نے کہا کہ حدیث پیغمبرﷺ کی رو سے جو بندہ دنیامیں تین کام کر کے وفات پاجاتا ہے تو اس کے نامہ اعمال میں نیکیاں لکھی جاتی ہیں(١)جو مسجد،مدرسہ وغیرہ قائم کر جائے(٢)دینی کتاب لکھ جائے اور(٣)اولاد صالحہ چھوڑ جائے۔ ان میں مرحوم نے مساجد،امام برگاہ قائم کی ہیں جن میں آج نماز جمعہ و جماعت وعزاداری ہو رہی ہے تالیف کے باب میں بھی مرحوم نے علاقہ کے سادات کے نسب نامے پر ایک کتاب لکھ رکھی ہےاورنیک اولاد بھی چھوڑی ہے جو علاقہ میں مصروف تبلیغ دین ہے لہذاان تینوں امورمیں مرحوم کے نامہ اعمال میں ہمیشہ ثواب درج ہوتا رہے گا اور انہوں نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
قل خوانی کی مجلس سے علا مہ سید علی اکبر شاہ کاظمی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی نے خطاب کرتے ہوۓ پسماندگان سے تعزیت وتسلیت و مرحوم کی بلندی درجات کی دعا کی۔قل خوانی کی مجلس میں سابق وزیر جنگلات حکومت آزادکشمیر سردارجاوید ایوب،رہنما مسلم کانفرنس حلقہ سات مظفرآباد سیدتصور عباس موسوی،سابق چئیر مین زکوٰةحلقہ کوٹلہ سید امجد شاہ،سردار درایمان اعوان کے علاوہ دوست احباب اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے متعلق قوانین میں مذید بہتری کی ضرورت ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پوری دنیاکو مسئلہ کشمیر کی حساسیت اور اہمیت کی جانب متوجہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار فوکل پرسن برائے بین المذاہب ہم آہنگی حکومت پنجاب و مرکزی پولیٹکل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم سید اسد عباس نقوی نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے اسلام آباد میں ملاقات میں کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عام پاکستانیوں کو انسانی حقوق سے متعلق قوانین کی آشنائی دینا ضروری ہے جس کے لئے ملک گیر آگاہی پروگرام کا اجرا ہونا چاہئے۔کشمیر پر تحریک انصاف کی حکومت کا اقوام عالم کے سامنے دوٹوک موقف دونوں طرف کے کشمیریوں کے دلوں کی آواز تھی۔مسئلہ کشمیر اس سے قبل اتنے بہتر اور مدلل انداز میں دنیا کے سامنے پیش نہیں کیا جاسکا تھا۔ آج دنیا کشمیر کے مسئلے کی جانب متوجہ ہوئی ہے۔
اس موقع پر وفا قی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شریں مزاری نے کہا کہ عام پاکستانیوں کے مسائل کے حل سمیت بنیادی انسانی حقوق کی ملک بھر میں فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انسانی حقوق سے متعلق قوانین میں مذید بہتری کی گنجائش موجود ہے جس پر ہم کام کررہے ہیں۔ اس ملاقات میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری سیاسیا ت سید محسن شہریار بھی ہمراہ تھے۔