وحدت نیوز (بدین ) امام علی ع کی ولایت ہم سے تقاضہ کر تی ہے کہ ، ہم ہمیشہ مظلوموں کے حامی اور ظا لموں کے دشمن بن کر رہیں ،چاہے وہ ظالم شیعہ ہی کیوں نہ ہو اور مظلوم کافر ہی کیوں نہ ہو، انتخابات انجام نہیں آغاز تھے ، ہماری جدو جہد بہت طولانی ہے ، اور راستہ کٹھن ہے ۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شاہ نواز چوک بدین میں جشن مولود کعبہ کے جلسہ عام سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ، اس موقع پر اہلیان بدین ہزاروں کی تعداد میں موجود تھے ، جب کے علماء کرام ، معزین اور مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء بہادر علی ، زھیر عباس حیدری اور آفتاب حسین جعفری بھی شریک تھے ۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھاکہ ولایت علی ع باب ولایت اللہ ہے ، پس خدا کے قرب و خوشنودی کے حصول کے لیئے دامن ولایت علی ع سے متمسک رہنا واجب ہے ، جب کوئی جماعت نظام ولایت سے مربوط ہو جائے تو دنیا کی بڑی سے بڑی شیطانی قوت بھی اس جماعت کو شکست سے دوچار نہیں کر سکتی اور بیشک وہی جماعت اللہ کی جماعت یعنی حزب اللہ ہے ،اور اسی حزب اللہ نے غالب آنا ہے اور پرودگار کا قرآن مجید میں وعدہ ہے جو کبھی جھوٹا نہیں ہو سکتا کہ اسی گروہ کو خدا نے اہل زمین کا وارث بنانا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیں انتخابات کے بعد بھی غیر ضروری ایشوز میں الجھا کر رکھنا چاہتا ہے ،الیکشن ہو گئے ،دھاندلی بھی ہو ئی اور خیانت بھی ، لیکن ہم ان زخموں کو لے کر نہیں بیٹھیں گے ، ہمیں آگے کی حکمت عملی مرتب کر نی ہے ، یہ الیکشن آغاز تھے انجام نہیں ، ہم نے جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے وہ بہت طویل ہے ، اور انتہائی پر خطر اور کٹھن راستہ ہے ، یہ حوصلوں اور جذبوں کی جنگ ہے کمزور لوگ اس جنگ کو نہیں لڑ سکتے ، اپنے امور کو منظم کریں اور ولایت کے پرچم تلے جمع ہو کر مظلوموں کے حقوق کی جنگ میں ہمارا ساتھ دیں ، مظلوم مظلوم ہے خواہ وہ سنی ہو یا شیعہ ، ہندو ہو یا عیسائی ، ہمیں سب کے حقوق کا دفاع کر نا ہے ، ان انتخابات میں ہندوں اور عیسائیوں نے بھی ہم پر اعتماد کیا اب ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مندروں اور گرجا گھروں میں جا کر ان کے مسائل سنیں اور ان کا حل بھی تلاش کریں ۔ .
جلسے کے اختتام پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو وادی مہران کی ثقافتی نشانی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا ، بدین کے ضلعی دفتر کا افتتاح بدست مبارک علامہ راجہ ناصر عباس جعفری ہوا ۔