وحدت نیوز (کوئٹہ) مسجدوں امام بارگاہوں پر حملوں سے شروع ہونے والی دہشت گردی مزارات، بازاروں ، اسکولوں،فوجی اڈوں سے ہوتی ہوئی اب بانیان پاکستان کے گھروں تک پہنچ چکی ہے ، ہمارے سکیورٹی ادارے مصلحت پسندی کی چادر تانےخواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں۔ قائد اعظم ریزیڈنسی زیارت پر ملک دشمن قوتو ں کے راکٹ حملے اور ریزیڈنسی کی تباہی کی پر زور مذمت کر تے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے رکن مرکزی شوریٰ عالی مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ سید ہاشم موسوی نے صوبائی سیکریٹریٹ کوئٹہ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مذہب کے نام پر معصوم انسانی جانوں سے کهیلنے والےامریکی وسعودی ایجنٹ دہشت گردوں نے آج ایک اورافسوس ناک کارنامہ انجام دے دیا ہے،قائداعظم کو کافر اعظم کہنے والے انتہا پسندگروه نے بابائے قوم محمدعلی جناح کی زندگی کے آخری ایام کی رہائش گاه پر حملہ کرکے تباه کردیا، زیارت ریزیڈنسی فقط چند دیواروں ، کھڑکی دروازوں کا مجموعہ نہیں بلکے کڑوڑوں پاکستانیوں کے لیئے قابل احترام مقام ہے کیوں کہ ان کڑوڑوں دلوں کی دھڑکن ہمارے محبوب قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کےآخری ایام اپنی خواہر عزیز محترمہ فاطمہ جناح کے ہمراہ یہاں گذارے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اور سکیورٹی ادارےبغیر کسی مصلحت پسندی اور کوتاہی کے ان ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف بھرپور اور موثر فوجی کاروائی کریں ، یہ دہشت گرد بلوچستان کی خوبصورت جنت نظیر وادی پربد نماداغ کی مانند ظاہر ہوتے ہیں ۔