وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سپاہ قدس کے کمانڈر حاج قاسم سلیمانی اور حشد الشعبی کے نائب سربراہ مہدی المہندس پر امریکہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بدترین دہشت گردی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا عراق کے مقامات مقدسہ کی حفاظت کرنے والی سرکردہ شخصیات کو نشانہ بنا کر امریکہ نے عالم اسلام کے خلاف نئی جنگ کا آغاز کر دیا ہے۔قاسم سلیمانی اور مہدی المہندس پر حملہ امت مسلمہ کے سینوں پر وارہے اور یہ وہ زخم ہیں جو کبھی مندمل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے یہ حقیقت عیاں ہو گئی ہے کہ امریکہ عالمی دہشت گرد ہے اور عراق میں داعش،القائدہ اور امریکہ کے مفادات و عزائم یکساں ہیں۔عالم اسلام کو درپیش تمام مشکلات کا ذمہ دارامریکہ ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم حکمران قومی حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ سے قطع تعلقی کا اعلان کریں اور مسلم ممالک میں امریکی سفارت خانوں کو بند کر نے کا حکم صادر کریں۔
علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین کے اعلان پرنماز جمعہ کے بعد شہر بھر کی جامع مساجد میں احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرے جامع مسجد نور ایمان میں کیا جس سے علامہ حسن ظفر نقوی،علامہ احمد اقبال رضوی ، علامہ مرزا یوسف حسین،علامہ باقر زیدی نے خطاب کیا۔احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر امریکہ کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین نے امریکہ کے خلا ف غصے کا اظہار کرتے ہوئے امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ امریکہ نے اسلام کے حقیقی محافظ کو شہید کیا ہے۔ امریکہ عالم اسلام کے مفادات کا بدترین دشمن ہے جس سے ہر قسم کے تعلقات ہمیشہ کے لیے ختم ہونے چاہییے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اپنی نابودی کی بنیاد اپنے ہاتھوں سے رکھ دی ہے۔طاقت اور رعونت کے نشے میں مدہوش امریکہ کے جارحانہ عزائم پوری دنیا کے امن کو تہس نہس کر دیں گے۔ امریکہ جس آگ سے کھیل رہا ہے وہ آگ اس کے اپنے دامن سے لپٹ سکتی ہے۔عراق پر امریکہ نے حملہ کر کے اس کی داخلی خودمختاری کو چیلنج کیا ہے۔
مقررین نے کہا کہ عالمی قوانین ایسے کسی اقدام کی اجازت نہیں دیتے۔امریکی حملے نے امت مسلمہ کے دلوں امریکہ کے خلاف نفرت اور غصے میں اضافہ کیا ہے۔ قاسم سلیمانی کی شہادت پر ہر آنکھ اشک بار ہے۔امریکہ نے اسلام کے حقیقی محافظ کو شہید کیا ہے۔ امریکہ عالم اسلام کے مفادات کا بدترین دشمن ہے جس سے ہر قسم کے تعلقات ہمیشہ کے لیے ختم ہونے چاہییے۔