وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس علماء مکتب اہلبیت پاکستان کے مرکزی صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مظلوم فلسطینیوں کے قتل عام پر مسلم امہ کی خاموشی شرمناک ہے، اس غارت گری کے جس طرح مغربی ممالک ذمہ دار ہیں اسی طرح مسلم دنیا بھی تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے، آج اگر فلسطینیوں کی نسل کشی پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی جا رہی ہے تو کل کو کشمیر میں بھی ہندوستان کی جانب سے عام شہریوں پر ظلم وبربریت کے خلاف آواز اٹھانا بے معنی سا ہو جائے گا، آج فلسطینی عوام پر دن رات ظلم و استبداد کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، جنہیں روکنا ہر انسانیت سے ہمدردی رکھنے والے افراد کا فریضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو وحشیانہ کارروائیوں کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے، صیہونی ریاست امریکی پشت پناہی اور مغربی ممالک کی ایماء پر غزہ میں دن رات بے رحمی سے بمباری کر رہا ہے، مائیں اپنے بچوں کے ہاتھوں پر نام لکھ رہی ہیں کہ اچانک بمباری میں شہید ہونے والوں کی پہچان ممکن ہو سکے، اسرائیل کے غیر انسانی سلوک کو روکنے کی بجائے الٹا اسے امریکہ کی طرف سے شہہ دی جا رہی ہے جس کی بدولت اسرائیل مسلسل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے اور اسپتالوں، سکولز اور مساجد کو نشانہ بنا کر یو این کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے جسے اسلامی دنیا اور عرب ممالک کو آگے بڑھ کر بازور بازو روکنا ہو گی ۔