وحدت نیوز(کوہاٹ)مظلومین غزہ و فلسطین کی حمایت اور غاصب اسرائیل کی جارحیت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان خیبرپختونخواہ کے زیر اہتمام کوہاٹ میں عظیم الشان آزادی فلسطین مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی، آزادی فلسطین مارچ ٹل پارہ چنار شاہراہ پر جلسے کی صورت اختیار کر گیا، اجتماع میں جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی، خیبرپختونخواہ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی صدر علامہ جہانزیب جعفری، مجلس علماء مکتب اہلبیت خیبرپختونخواہ کے صوبائی صدر علامہ احمد روحانی سمیت ضلع کوہاٹ، ہنگو اور اورکزئی کے علمائے کرام و عمائدین علاقہ سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔
شرکاء نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ فلسطین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاکہ بانی پاکستان نے اسرائیل کو ناجائز ریاست کہا تھا ہم اس غاصب صہیونی ریاست کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے، ہمارے ملک میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرنے والے بد بخت حکمران امریکہ کے نمکخوار ہیں لیکن پاکستان کی شجاع عوام ہر حال میں اپنے مظلوم فلسطینیوں بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ظالموں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا خدا کا محبوب ترین فعل و عمل ہے، یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ اسرائیل کا کوئی مستقبل نہیں ہے مستقبل فلسطینیوں کا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ اسرائیل اپنے منطقی انجام کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، مقاومت اور مزاحمت کا بیانیہ جیت رہا ہے، اسرائیل اور اس کے سرپرست رائے عامہ کی جنگ ہار چکے ہیں۔ اسی طرح آنے والے الیکشنز میں ہم پاکستان میں بھی مودی اور امریکہ کے پٹھوؤں کو شکست دیں گے، ملک میں جن جماعتوں کو امریکی و اسرائیلی پشت پناہی حاصل ہے انہیں عوام کی بھرپور حمایت سے شکست دیں گے۔
جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ علامہ مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا عظیم الشان مارچ میں شریک تمام شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جو فلسطین کے ساتھ کھڑا ہے وہ حق اور جو اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہے وہ باطل کے ساتھ ہے، ہمارے حکمرانوں نے فلسطینی کاز پر انتہائی مکروہ و قابل نفرت کردار ادا کیا ہے، ہماری غیرت مند پاکستانی قوم اہل فلسطین اور اہل غزہ کے ساتھ کھڑے ہیں، پوری دنیا میں امریکی ڈالر اور اسلحہ دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتا ہے، امن و انسانی حقوق کے نام نہاد یورپی حکمران پوری دنیا میں دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں۔
سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کربلا کے ماننے والے شہادت تو قبول کر سکتے ہیں لیکن کسی ظالم کے سامنے جھک نہیں سکتے، امریکہ اور نتن یاہو غزہ میں اپنے اہداف کے حصول میں مکمل طور پر ناکام ہوئے ہیں، حماس کی شرائط پر عارضی جنگ بندی امریکہ و اسرائیل کی بدترین شکست ہے، ہم ہر ظالم کے دشمن ہیں اور ہر مظلوم کے حامی وناصر ہیں، ہم اپنے وطن پاکستان کو بھی امریکی و اسرائیلی کالونی نہیں بننے دیں گے، پاکستانی حکمرانوں کا فلسطین کے دو ریاستی حل کا راگ الاپنا پاکستان کے نظریہ کے سراسر منافی ہے۔
علامہ خورشید انور جوادی نے کہا کہ جب تک اسرائیل کا وجود باقی ہے ہماری جنگ جاری رہے گی، جس طرح جنگ خیبر میں حضرت امام علی ع نے یہودیوں کے مرکز کو نیست ونابود کیا تھا ہم بھی اس غاصب صہیونی ریاست کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔
صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخواہ علامہ جہانزیب جعفری نے استقبالیہ کلمات میں تمام مہمانان گرامی، علمائے کرام،عمائدین عظام و شرکاء علاقہ کا شکریہ ادا کیا، اجتماع سے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی،علامہ عبد الحسین الحسینی، علامہ زاہد حسین انقلابی، آغا تصور مہدی و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔