وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان علمدار روڈ کی جانب سے عظیم الشان ورکرز کنونشن کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ جس کے مہمان خاص مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی، عزاداری ونگ کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین علوی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی جنرل سیکریٹری سہیل اکبر شیرازی اور صوبائی نائب صدر علامہ شیخ ولایت حسین جعفری تھے۔
ورکرز کنونشن میں معززین علاقہ علمائے کرام اور تنظیمی کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس تقوی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے۔ ہمارے اراکین اسمبلی نے آفروں کو ٹھکرا کر ایم ڈبلیو ایم اور قائد وحدت کے اہداف سے وفا کی۔
مظلوم کی حمایت، ظالم کی مخالفت اور عالمی استکباری قوتوں کے مقابلے میں اہل حق کا ساتھ دے کر مجلس وحدت مسلمین نے قائد شہید کے مشن کی تکمیل کی۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ انتخابات میں علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سے الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔ مجلس وحدت مسلمین باکردار محب وطن اور صالح نمائندوں کے ذریعے قوم کی خدمت کا عزم رکھتی ہے۔
مرکزی صدر عزاداری ونگ ملک اقرار حسین علوی نے کہا کہ کوئٹہ کی زینبی خواہران نے ہر مرحلے پر بہادری سے حق کا ساتھ دیا۔ سانحہ کوئٹہ کے ملک گیر دھرنے اور انتخابات ہر مرحلے پر شعبہ خواتین کی کارکردگی قابل فخر رہی ہے۔ صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔
ورکرز کنونشن سے صوبائی سیکرٹری کردار سازی علامہ سید عباس موسوی، ضلع صدر ارباب لیاقت علی ہزارہ، صوبائی میڈیا کونسل کے سربراہ سید ارتضیٰ جعفری، صوبائی سیکرٹری تنظیم سید حسن ظفر شمسی، اراکین ضلعی کابینہ و خواتین اراکین نے شرکت کی۔