وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان میں دشمن کی سازشوں پر گہری نظر رکھنا اور ان سازشوں کو ناکام بنانے کا سہرا ایم ڈبلیو ایم کے سر ہے۔ یہ بات انہوں نے گوٹھ غلام شبیر گولاٹو اور گوٹھ بہاول خان ڈومکی کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کشمور کے ضلعی رہنماء بہاول خان ڈومکی اور یونٹ صدور نصیب اللہ ڈومکی اور زوار عاشق علی گولاٹو و دیگر انکے ہمراہ موجود تھے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ الزھراء سلام اللہ علیہا کی ذات گرامی عالم بشریت خصوصاً صنف نسواں کے لئے نمونہ عمل ہے۔ آپ کے دامن عصمت میں جن عظیم ہستیوں نے تربیت پائی وہ عالم انسانیت کے رہبر و رہنماء قرار پائے۔
ایام فاطمیہ میں سیرت سیدہ کائنات سمجھنے اور اس کے مطابق اپنی زندگی ڈھالنے کا عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملت کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ہم ہر محاذ پر ملت کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وطن عزیز پاکستان میں دشمن کی سازشوں پر گہری نظر رکھنا اور ان سازشوں کو ناکام بنانے کا سہرا ایم ڈبلیو ایم کے سر ہے۔ جس کی تازہ مثال متنازعہ ترمیمی بل ہے۔ جس میں تکفیری ٹولے کو ذلت و رسوائی اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک اسلامی حماس کو فلسطینی عوام کی نمائندہ قیادت سمجھتے ہیں، امریکہ اور برطانیہ کے حمایت یافتہ محمود عباس کو نہیں۔ کیونکہ مسئلہ فلسطین مزاحمت سے حل ہوگا۔ غاصبوں اور قابضوں کے ساتھ مفاہمت سے فلسطین کا مسئلہ کبھی حل نہیں ہو سکتا۔