وحدت نیوز(دادو)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا مغربی تہذیب نے عورت کے حقوق کا نعرہ لگا کر عریاں تہذیب اور فحاشی کو فروغ دیا، جو عورت اور انسانیت کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدری امام بارگاہ میہڑ ضلع دادو میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے منعقدہ سالانہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات صدیقہ الکبریٰ حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا بضعہ منی ہونے کے باعث جزو رسالت اور مرکز ہدایت ہیں۔ سیدہ النساء العالمین کی مظلومیت کا اندازہ آپ علیہا السلام کے اس دردناک جملے سے لگایا جا سکتا ہے جس میں آپ نے ارشاد فرمایا "مجھ پر وہ مصائب ٹوٹے کہ اگر وہ دنوں پر پڑتے تو دن سیاہ راتوں میں بدل جاتے۔"
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اکلوتی بیٹی سیدہ نساء اہل الجنت کی مظلومانہ شہادت، وصیت اور رات کے اندھیرے میں تدفین عالم انسانیت کے لئے بہت سارے سوالات چھوڑ گئی۔ وہ مظلومیت جو ہر باضمیر اور با شعور انسان کو تڑپا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام خواتین کے حقوق کا علمبردار ہے، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بیٹی کو رحمت قرار دیا اور خواتین کے لئے حصول علم کو فرض قرار دیا۔ دین اسلام خواتین کے حقوق کا علمبردار ہے، مگر فحاشی اور عریانی کا مخالف ہے۔ مغربی تہذیب نے عورت کے حقوق کا نعرہ لگا کر عریاں تہذیب اور فحاشی کو فروغ دیا، جو عورت اور انسانیت کے ساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ مسلم خواتین کو مغربی ثقافتی یلغار کے مقابلے کے لئے سیرت سیدہ فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کو اپنانا چاہیے۔