وحدت نیوز (اسلام آباد ) امام بارگاہ ۵ سڑکی امام بارگاہ کے ٹرسٹی بریگیڈیئر ریٹائرڈ سکندر علی ملک ، انکی اہلیہ اور صاحبزادیوں کا د ن دھاڑے قتل مقامی انتظامیہ کی نااہلی کی دلیل ہے ، پولیس اور خفیہ ایجنسیاں قاتلوں کی فوری گرفتاری کے لئے کاروائی عمل میں لائیں ، پولیس اس واقعے کی ٹارگٹ کلنگ کے رخ سے بھی تحقیقات کرے ، اس واقع میں کالعدم دہشت گرد گروہوں کے ملوث ہو نے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ان خیالات کا ظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے راولپنڈی کے علاقے گلستان کالونی میں آرمی میڈیکل کور کے ریٹائرڈ بریگیڈیئر ڈاکٹر سکندر علی ملک، انکی اہلیہ اور دو بیٹیوں کو قتل کے خلاف مرکزی وحدت میڈیا سیل سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سکندر علی ملک ایک ریٹائرڈ فوجی افسر ہو نے کہ ساتھ ساتھ راولپنڈی کے معروف عزادار تھے ، اور میرے اچھے رفقاء میں سے تھے ،راولپنڈی اور اس کے مضافات میں عزاداری کے پروگرامات میں وہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے ، بریگیڈیئر ریٹائرڈ سکندر علی ملک یسریٰ میڈیکل کالج سے وابستہ تھے اور راولپنڈی کے علاقے گلستان کالونی میں کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ سفاک قاتلوں نے سکندر علی ملک انکی اہلیہ شاہدہ اور دو بیٹیوں فاطمہ اور زینب کو بے دردی سے قتل کیا ہے ، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، انہوں نے مقامی انتظامیہ اور خفیہ ایجنسیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ سکندر علی ملک اور ان کے اہل خانہ کے اس اندہوناک قتل کی جلد اور موثر تحقیقات کریں اور اس واردات کے ٹارگٹڈ کاروائی ہو نے کے پہلو پر بھی غور کیا جائے ممکن ہے کہ یہ دہشت گرد واقعہ فرقہ پرست گروہوں کی کاروائی ہو ۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سکندر علی ملک کے اہل خانہ بالخصوص ان کے زخمی بیٹے علی حیدر ملک سے اس دلگذار سانحے پر دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ، اوربارگاہ خدا وند متعال میں مرحومین کی مغفرت اور جنت الفردوس میں جگہ کے حصول کی دعا کی ہے ۔