وحدت نیوز ( لاہور ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوُں کا مسیحی برادری سے سانحہ پشاور پر اظہار یکجہتی کیلئے لاہور سینٹ فرانسس چرچ لاہور کا دورہ ،مسیحی رہنماوُں سے ملاقات اور طالبان کی ظالمانہ کاروائیوں کیخلاف مشترکہ پریس کانفرنس کی پریس کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوُں سید ناصر عباس شیرازی مرکزی سیکرٹری سیاسیات، علامہ سید احمد اقبال رضوی مرکزی سیکرٹری تربیت، علامہ حسنین عارف مرکزی رہنماء،شیخ عمران علی ڈپٹی سیکرٹری جنرل لاہور، سید حسین زیدی سیکرٹری سیاسیات لاہور، سید ابوالحسن نقوی ضلعی رہنماء لاہور، اور مسیحی برادری کے رہنما فادر جوزف سنٹ فرانسس چرچ ،ڈاکٹر پرویز اقبال چیئرمین مسیحا پارٹی،خالد بشیر سیکرٹری سنٹ فرانسس چرچ اوردیگر مسیحی رہنماوُں نے خطاب کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کہا کہمجلس وحدت مسلمین پاکستان پشاور کے المناک سانحے میں جان بحق ہونے والے مسیحی بھائیوں کے لواحقین اور مسیحی برادی کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ آج یہ ہماراوفد پشاور کے المناک سانحے پر اظہارِ ہمدردی اور اظہارِ افسوس کیلئے اپنے مسیحی بھائیوں کے پاس حاضر ہواہے۔ اسلام مساوات اور رواداری کا دین ہے اور بلاجواز قتل و غارت گری اور فسادات اسلامی تعلیمات کے برعکس اور شیطانی قوتوں کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ افواج پاکستان اور عوام الناس کے قاتلوں کی سزا آئین پاکستان اور اسلامی قانون کے مطابق موت ہے لہٰذا ان کو اس آئین کے تحت سزا دی جائے اور دہشت گردی کے اڈوں پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور جہاں جہاں ان کے ٹھکانے ہیں فوراً ٹارگٹڈ آپریش کیا جائے۔ دہشت گردی کے خاتمے کا حل فوج ، حکومت، عدلیہ اور ریاستی ادارے و دیگر تمام سیاسی و مذہبی پارٹیاں عوام کے ساتھ ملکر دہشت گردوں کے خلاف برسر پیکار ہوں تاکہ ان چند مٹھی بھر دہشت گردوں کا مادرِ وطن سے صفایا کیاجا سکے۔ اللہ کی آخری کتاب قرآن مجید کا واضح حکم ہے کہ جس نے ایک انسان کو قتل کیا گویا اس نے پوری انسانیت کا قتل کیا۔ ہمارے مذہب میں اسلامی سرزمین پر تمام ادیان و مذاہب کو آزادی کے ساتھ زندگی گذارنے کا حق حاصل ہے۔ اور کسی بھی بے گناہ کا قتل چاہے وہ جس مذہب سے بھی تعلق رکھتا ہو حرام ہے۔ سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ شیعہ مرجعیت اور علماء پہلے ہی اسلامی ممالک میں خود کش حملے کو حرام قرار دے چکے ہیں اور اسی سلسلے میں ہم سنی اتحاد کونسل کے مفتیان کے حالیہ فتوے کو بروقت قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ ہم اپنے مسیحی بھائیوں کے دہشت گردی کے حوالے سے ہر احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔
پریس کانفرنس سے فادر جوزف سنٹ فرانسس چرچ لاہور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کیخلاف آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے معصوم شہریوں کے قاتلوں سے مذاکرات کی باتیں کرنے والے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کا کام کر رہے ہیں ہم مجلس وحدت مسلمین کے رہنماوں کا شکر گذار ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ ہمدردی کیلئے یہاں تشریف لائے اور ہمیں آج یہ محسوس ہوا کہ جتنا دکھ ہمیں ہیں اس کا احساس ہمارے مسلمان بھائیوں کو بھی ہیں ہم سب کو پاکستان کی مضبوطی کیلئے ان ظالم درندوں کے خلاف متحد ہو کر ان کو شکست دینا ہو گا بصورت دیگر یہ ناسور ملکی سالمیت کو بھی محفوظ نہیں رکھیں گے۔
بلاجواز قتل و غارت گری اور فسادات اسلامی تعلیمات کے برعکس اور شیطانی قوتوں کا شاخسانہ ہے، ناصر شیرازی