وحدت نیوز(بہاولپور) ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے کہ جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیکر قوم کو حیات بخشی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں آئی ایس او پاکستان بہاولپور کے 33 ویں سالانہ ڈویژنل کنونشن میں شب شہداء کی محفل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید ناصر عباس شیرازی کا مزید کہنا تھا کہ شہداء قوموں کی حیات کا باعث ہیں، جو قومیں اپنے شہداء کو فراموش کر دیتی ہیں وہ قومیں بہت جلد صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں اور اُن قوموں کو باقی رہنے کا کوئی حق نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شہید کسی بھی قوم کے لیے باعث فخر ہوتے ہیں۔ ملت جعفریہ کے شہداء ہماری محافل کی زینت ہوتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ اپنے سالانہ کنونشنز میں شہداء ملت جعفریہ اور بالخصوص شہداء امامیہ کی یاد تازہ کرتی ہے۔