وحدت نیوز (اسلام آباد) مرحوم آغا جعفر عرفان عملی کا بے مثل نمونہ تھے۔آغا جعفر امام خمینی رہ کے سچے پیروکاروں میں سے تھے، آغا جعفر عارف بااللہ تھے، آغا جعفر عرفان عملی کا بے مثل نمونہ تھے۔انقلابی جوانوں میں ولائی روح پھونکنے کا کار عظیم اسی عالم ربانی و عرفانی انجام دیا۔ ان خیالات کا اظہارسربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عالم باعمل، عالم ربانی مرحوم آغا جعفر نقوی کی برسی کے موقع مرکزی میڈیا سیل کودیئے گئے اپنے تعزیتی بیان میں کیا۔
انہوں نے آغا جعفر کی شخصیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہج البلاغہ میں امام علی ع نے جو متقین کی صفات بیان کی ہیں، ان میں سے اکثر و بیشتر صفات آغا جعفر میں موجود تھیں، آغا جعفر نے اسلام کے ہر پہلو کو اپنے اندر سمو لیا تھا، وہ امام خمینی رہ کے سچے پیروکاروں میں سے تھے۔اور قائد شہید عارف الحسینی سے عشق ان کی ذات کا خاصہ تھا ۔
علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ حقیقی عارف وہ ہوتا ہے کہ جو خدا سے کہے کہ میرا مال و اسباب، میری جان، میری اولاد، میرا سب کچھ تیرا ہی ہے اور مرحوم آغا جعفر عرفان عملی کا بے مثل نمونہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ایک عالم ربانی تھے کہ جن کے در سے علم اور حرارت حاصل کئے ہوئے لوگ آج بھی معاشرے میں متحرک نظر آتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ آغا جعفر اس دنیا سے نہیں گئے بلکہ اپنے ان شاگردوں کی صورت میں آج بھی زندہ ہیں کہ جو آج بھی خوف خدا میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور اس معاشرے میں اپنی اجتماعی فعالیت کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔