وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے گلگت کی جامع مسجد میں امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کی جانب سے یوم ولادت باسعادت حضرت امام مہدی (عج) کے موقع پر منعقدہ عہد وفا کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ امام جمعہ و الجماعت جامع مسجد گلگت علامہ سید راحت حسین الحسینی بھی موجود تھے۔ کانفرنس میں امامیہ آرگنائزیشن نے کارکنان سمیت مومنین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ کانفرنس میں کراچی کے مشہور و معروف منقبت خواں برادر مرتضیٰ نگری نے بارگاہ امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ عہد وفا کانفرنس میں علامہ امین شہیدی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیبت امام زمانہ (عج) میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم طاغوت کا انکار کرتے ہوئے ہر ظالم سے نفرت کریں اور ہر مظلوم کی حمایت کے لئے میدان عمل میں حاضر رہیں۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ آج زمانہ ہم سے یہ تقاضا کررہا ہے کہ ہم اپنے امام عصر (عج) کے ظہور کی راہ ہموار کرنے کیلئے میدان عمل میں وارد ہوں اور اپنی اپنی ذمہ داری کو ادا کریں تاکہ دنیا بھر کے مظلومین کی دادرسی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا مقصد بھی یہی ہے کہ معاشرہ کو خدا کے دیئے ہوئے عادلانہ نظام کی طرف واپس پلٹایا جائے اور دنیا کے سامنے عدالت کا ایسا نمونہ پیش کیا جائے کہ آج کا زمانہ امام زمانہ (عج) کی حکومت کے قیام کے لئے آمادہ ہوسکے۔ کانفرنس سے خطاب میں علامہ امین شہیدی نے گلگت میں حالیہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں پر حملوں سمیت دیگر واقعات گلگت بلتستان کے امن کو خراب کرنے کی سازش ہے لیکن گلگت بلتستان کے باشعور عوام امریکہ اور اس کے ایجنٹوں کی ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔