وحدت نیوز (مشہدمقدس) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس حجۃ الاسلام عقیل حسین خان نے اپنے تعزیتی بیان میں مدرسہ شہید عارف الحسینی (رہ) میں نماز جمعہ کے اجتماع کے دوران ہونے والے خودکش بم دھماکہ میں شہید ہونے والے شہداء بالخصوص قائد شہید عارف حسین الحسینی کے پوتے اور سید علی حسینی کے فرزند شہید سید مہدی الحسینی کی المناک شہادت پر پوری ملت تشیع کو، خصوصا سید علی حسینی کو تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے وجود میں آنے والی نواز حکومت کے منہ پر بھرپور طمانچہ ہے اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے لئے بھی لمحہ فکریہ ہے اور وہ قوتیں جو طالبان سے مذاکرات کرنے کے لئے اپنے بیرونی آقاوں کے اشارے پر مضطرب نظر آتی ہیں۔
عقیل حسین خان نے کہا نماز جمعہ کے اجتماع میں دہشت گردی کرنے والے نام نہاد ظالمان دراصل امریکہ اسرائیل اور برطانیہ کے ایجنڈے پر عمل کر رہے ہیں اور وطن عزیز پاکستان کو کمزور کرنے اور فرقہ واریت پھیلانے کے درپے ہیں، پاکستان کا ہر شہری جانتا ہے کہ یہ کون لوگ ہیں اور ان دہشت گردوں اور تکفیریوں کے پیچھے کن کا ہاتھ ہے اور کون کون سے ممالک ان کو کھلے عام سپورٹ کر رہے ہیں۔ حجۃ الاسلام عقیل حسین خان نے کہ طالبان کسی فرقہ، مذہب یا گروہ کے دشمن نہیں ہیں بلکہ یہ انسان اور انسانیت کے دشمن ہیں اور یہ عقل اور شعور سے بےبہرہ لوگ اپنے علاوہ سب کو کافر اور قتل کرنا جائز اور واجب سمجھتے ہیں تو ان سے مذاکرات کی امید رکھنا فضول اور وقت کا ضیاع ہے اور ہمارے حکمرانوں کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہیئیں اور اسلام و پاکستان کے ان دشمنوں کا صفایا کرنا چاہیئے۔