وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام کربلا گامے شاہ لاہور میں قائد ملت اسلامیہ علامہ مفتی جعفر حسین کی برسی منائی گئی، برسی کی تقریب ان کے مزار کربلا گامے شاہ میں ہوئی جس میں مرحوم قائد کے سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس تھے جبکہ مرحوم کے مزار پر دعائے کمیل کا خصوصی اہتمام کیا گیا اور علامہ احمد اقبال رضوی نے دعا ئے کمیل کی تلاوت کی۔ اس موقع مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی بھی موجود تھے۔
برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے مرحوم قائد کی ملت کے لئے بے مثال خدمات پر روشنی ڈالی۔ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ بظاہر نحیف اور کمزور نظر آنے والے مفتی جعفر حسین چٹان سے بھی مضبوط ارادے کے مالک تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں واحد طاقتور ترین قائد مفتی جعفر حسین ہی تھے جنہوں نے اسلام آباد میں ضیاءالحق جیسے آمر کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج مفتی جعفر حسین ہم میں ہوتے تو ہماری ملت ان مسائل اور پریشانیوں کا شکار نہ ہوتی، انہوں نے اپنی محنت، ولولے اور مصمم ارادے سے پوری ملت تشیع پاکستان کو ایک لڑی میں پرو دیا تھا۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ دشمن نے ہماری ملت کے خلاف سازش کی اور ہماری بہادر، خوددار اور غیرت مند ملت کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دیا گیا، لیکن آج مجلس وحدت اپنے مرحوم قائد مفتی جعفر حسین کے افکار پر عمل پیرا ہے اور آج بھی مجلس وحدت بکھری ہوئی ملت کو ایک لڑی میں پرونے کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہم ملت کو متحد کرنے میں کافی زیادہ حد تک کامیاب ہوئے ہیں اور آج ہمارے ماتمی نوجوان، ہمارے ذاکرین عظام، ہمارے جید اور دردمند علما کرام، ہمارے صالح اور باشعور نوجوان ہمارے ساتھ ہیں اور ہم سب ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کوئی جماعت یا گروپ نہیں بلکہ ایک پلیٹ فارم ہے جس پر ہم نے ملت کو متحد کرنا ہے، اس حوالے سے ہم تمام زعما ملت، عمائدین، بزرگان سے رابطے میں ہیں اور انشاءاللہ وہ دن تاریخ کی یہ بوڑھی آنکھیں دیکھیں گی جب ملت تشیع پاکستان ویسے متحد ہو گی جیسے مفتی جعفر حسین نے اسے متحد کیا تھا اور شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے اسے بام عروج پر پہنچایا تھا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے نوجوان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ملت کے تمام افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے کردار ادا کریں، ملت تشیع کی بقا اتحاد میں ہے، دشمن نے ہمیں گروپوں میں تقسیم کر کے ہماری قتل وغارت کا بازار گرم کر دیا، ہم تقسیم تھے اس لئے اسے اپنی جارحیت کے ارتکاب کا موقع ملا لیکن اب نہیں، اب ملت جعفریہ پاکستان بیدار ہو چکی ہے اور دشمن کے عزائم جان چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفتی جعفر حسین کی برسی کے تقریب میں ملت کی اس کثیر تعداد میں شرکت سے ثابت ہو گیا ہے کہ لوگ آج بھی مفتی جعفر حسین کے افکار کی عملی تعبیر چاہتے ہیں، اور مجلس وحدت انشاءاللہ مرحوم قائد مفتی جعفر کے افکار کی روشنی میں ملت کو بام عروج پر پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں مفتی جعفر حسین اور علامہ شہید عارف حسین الحسینی جیسے قائدین نصیب ہوئے ہیں، ہم ملت کو اتحاد اور وحدت کا درس دیتے ہوئے ایک باعزت قوم بنائیں گے، ہم ملت کو ایسی قوم بنائیں گے جس کا دشمن اس پر وار کرنے سے پہلے سو بار سوچے گا۔