وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے زیراہتمام جیو کے مارننگ شو میں توہین آمیز مواد نشر کرنے کیخلاف پیمرا آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر توہین آمیز نشریات کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ پیمرا اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہا ہے، اگر پیمرا شروع دن سے اپنا کام ٹھیک انداز میں کرتا تو آج نوبت یہاں تک نہ پہنچتی۔ مقررین نے پیمرا کے تمام عہدیداروں کی برطرفی کا مطالبہ بھی کیا۔ مقررین کہنا تھا کہ توہین آمیز نشریات سے امت مسلمہ کی دل آزاری ہوئی ہے، وزارت اطلاعات کی خاموشی کی مذمت کرتے ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے فی الفور کارروائی کا مطالبہ کیا۔ رہنماوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو لازمی بنائے کہ آئندہ کسی بھی ٹی وی چینل پر اس طرح کی نشریات نہ چل سکیں۔