وحدت نیوز (لاہور) ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہیگاجب تک ظالموں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا نہیں کرتے،اب حکومت عوام کے سمندر کے سامنے نہیں ٹھہر سکے گی۔ان خیالات کا اظہارعلامہ سید حسن رضا ہمدانی صوبائی رہنما مجلس وحدت مسلمین پنجاب اور مولانا ناصر مہدی نے پریس کلب کے سامنے دوسرے روز جاری ا حتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں پچاس ہزار کے قریب لوگ شہید ہو چکے ہیں مگر دہشت گردوں کے پروردہ حکمرانوں نے کسی دہشت گرد کو سزا نہیں سنائی ۔دہشت گرد آزاد گھوم رہے ہیں ،ملک میں ہر طرف بد امنی ہے لوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں، سید حسن ہمدانی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کا شاہرائے ریشم سمیت ملک بھر میں دھرنے جاری ہیں،ہم اس وقت تک دھرنے جاری رکھیں گے جب تک دھاندلی کے پیدا وار حکمران اپنے گھروں کو نہیں جاتے اور ملک میں انتخابی اصلاحات کا انقلاب نہیں آجاتا ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ جلد ہی حکمران اپنے انجام کو پہنچیں گے اور ملک کی لوٹی ہوئی پائی پائی کا حساب لیا جائے گا۔دھرنے میں سنی اتحاد کونسل اورپاکستان عوامی تحریک کے سینکڑوں مرد و خواتین،بچے اور بزرگ شریک ہیں اس موقع پر دھرنے کے شرکاء لبیک یا حسین اور حکومت مخالف نعرے لگاتے رہے۔