وحدت نیوز(مظفرگڑھ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اورا سٹیپ فارورڈ ویلفیئرٹرسٹ کے مشترکہ تعاون سے مظفر گڑھ کے متاثرین سیلاب میں امداد کی تقسیم کے لیے پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا،تقریب کا باقائدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کا شرف برادر یاسر نے حاصل کیا۔تلاوت کے بعد مومنین سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم پنجاب کے صوبائی رہنما علی رضا طوری نے کہا کہ مجلس وحدت کسی تنظیم کا نام نہیں بلکہ ایک قوم کا نام ہے یعنی ایک بیدار ملت، اپنے حقوق کے لئے اٹھنے والی ملت کا نام ہے اور اگر ہم یہ کہ دیں کہ قومی وحدت اور شیعہ سنی اتحاد کا نام مجلس وحدت مسلمین ہے تو بے جا نہ ہوگا۔موجودہ دھرنوں میں قائدوحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب کی بے باک قیادت میں ہم نے عملی شرکت کر کے اور اتحادی کی حیثیت سے شامل ہو کر دشمن کی فرقہ واریت کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔ہر مشکل گھڑی میں قوم کے درمیان رہنا ہم نے علامہ ناصر عباس جعفری سے سیکھا ہے۔
ان کا مذید کہنا تھا کہ ہم اس وقت مختلف محاذوں پر ملت کا دفاع کر رہے ہیں جس میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، دہشت گردی، بم دھماکے،پولیس گردی وغیرہشامل ہیں۔ ابھی ہم ان مسائل سے نکلے نہیں ہیں کہ نیا امتحان سر پر آجاتا ہے۔یہی صورتحال سیلاب کی صورت میں ہم سب پر ایک امتحان کی صورت میں آیا ہے اب اس امتحان کو ہم نے صبر اور حوصلے کے ساتھ سر خرو کرنا ہے اور ہم بھی آپ سے انشااللہ ہرممکن تعاون اور امداد کریں گے۔ اللہ ہم سب کو حفظ و امان میں رکھے جبکہ اس امتحان سے کامیابی کے ساتھ نکلنے کی توفیق عطا فرمائے۔
مومنین سے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان ڈویژن کے دوستوں برادر یاسر اور ضیغم نے بھی گفتگو کی جس میں انھوں نے مومنین کو میڈیکل کیمپ کی آفر کی۔ اس کے بعد مومنین میں خشک راشن تقسیم کیا گیا۔ضلعی کابینہ کے دوستوں سید علی شاہ کاظمی، سید عمران کاظمی اور دیگر دوستوں کی محنت کے بدولت یہ پروگرام منعقد ہوا۔