وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ انسانیت کیلئے اسرائیل کا ناپاک وجود کورونا وبا سے زیادہ خطرناک ہے، شیرخوار بچوں سمیت فلسطینی شہادتوں کی صورت میں مسلمان ہونے کی قیمت چکا رہے ہیں، اسیر فلسطینیوں کی مسکان سے اسرائیل ہلکان ہوگیا ہے، افسوس عالمی ضمیر نے انسانیت اور انصاف کا دامن ہاتھ سے چھوڑ دیا۔ لاہور سے جھنگ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نڈر اور ناقابل شکست ہیں، اسرائیل جیسے انتہاء پسند دشمن کیخلاف ان کی استقامت اور خشت باری پر مبنی مزاحمت قابل رشک ہے، شیرخوار بچوں سمیت فلسطینیوں کی شہادت نے اسرائیل اور اس کے آقائوں کو بے نقاب کر دیا ہے۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے قتل عام نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو خون کے آنسو رونے پر مجبور کر دیا، اسرائیلی درندوں نے مسجد اقصیٰ نذرآتش کرتے ہوئے درندگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر دنیا سے انصاف کا جنازہ نہ اٹھ گیا ہوتا تو آج کوئی یورپی ملک اسرائیلی بربریت پر خاموش نہ رہتا۔ علامہ اسدی نے مزید کہا کہ بیت المقدس اور فلسطینیوں کی بقاء کیلئے برادر اسلامی ملک ایران کا آبرومندانہ اور جراتمندانہ بیانیہ دوسرے مسلمان حکمرانوں کیلئے قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ظلم و ستم پر خاموشی اختیار کرنا درحقیقت فلسطینیوں کیساتھ دشمنی کے مترادف ہے، مسجد اقصیٰ کو آگ لگانے کے بعد اسرائیلی نوجوانوں کے رقص نے شیطانیت کو بھی شرما دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود انسانیت کیلئے ناسور بن گیا ہے، اسرائیل کا خاتمہ کرنے تک دنیا میں پائیدار امن بحال نہیں ہوگا۔