وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب انتظامیہ مکتب اہل بیت علیہم السلام سے متعصبانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہے. کورونا ایس او پیز کی آڑ میں ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی سازش کی شدید مذمت کر تے ہیں. یوم علی ع منانا ہماری عبادت ہے اور مظلوم فلسطینیوں کی حمایت ہمارے ایمان کا تقاضہ ہے، اس سے بڑی منافقت کیا ہو گی کہ ملت جعفریہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مظلوم فلسطین مسلمانوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے کرے تو ہم پر جھوٹی ایف آئی آر درج ہو جاۓ اور یوم علی علیہ السلام منانے پر بھی ایف آئی آر درج ہو جائے . جبکہ وزیراعظم عمران خان کے اعلان پرفلسطینیوں کے حق میں ریلیاں نکالی جائیں تو انہیں سراہا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی مذہبی ادارہ جات میں ملت تشیع کے ساتھ مذہبی تعصب کی انتہا کر دی گئی ہے ، متحدہ علماء بورڈ میں شیعہ مکتب فکرکے علماء کی تعداد دیوبندی اور اہل سنت بریلوی کے مقابلے میں 50 فیصد کم کر دی گئی ہے. ایک متعصب شخص کومتحدہ علماء بورڈ کا چیئرمین مقر رکیا گیا. متحدہ علماء بورڈ کے موجودہ سیشن کے دو سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود تا حال شیعہ علماء کی تعدادکودوسرے مسالک کی تعداد کے برابر نہیں کیا گیا. متعصب ذمہ دار کی آمد سے قبل متحدہ علماء بورڈ کے گزشتہ سیشنز میں ملت جعفریہ کے علمائے کرام کی تعداد دیگر مسالک کے علماء کی تعداد کے برابرتھی. اتحاد بین المسلمین کمیٹی میں بھی شیعہ حضرات کی تعدادکم رکھی گئی ہے. قرآن بورڈ میں بھی متعصبانہ رویہ اپنانے کی تیاری کی جارہی ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور سیکرٹری اوقاف سے مطالبہ کیا کہ اس متعصبانہ رویہ کا ازالہ کریں. اگر متحدہ علماء بورڈ میں شیعہ علماء کی تعداد باقی مسالک کے برابر نہ کی گئی تو مورخہ 25 جون کو محکمہ اوقاف کے دفتر کے باہر لاہور میں علامتی دھرنا دیا جائےگا. پنجاب کے اضلاع میں خصوصی طور پر چنیوٹ کے عزادار شہریوں پر بے جا جھوٹے مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور انہیں شیڈول فور میں ڈالا جا رہا ہے۔ہم کبھی بھی چنیوٹ کے عزاداروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے. چنیوٹ کا متعصب ایم پی اے اور متعصب ڈی پی او ملت جعفریہ کو دیوار سے لگانے کی سازش میں گٹھ جوڑ کیے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر قانون راجہ بشارت سے ہمارے مذاکرات کے باوجود چنیوٹ کے معاملے پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے. محرم الحرام سے قبل عزاداری کے معاملے پر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا اور اگر متحدہ علماء بورڈ اور دیگر سرکاری کمیٹیوں میں ملت جعفریہ کے ساتھ سازشوں کا سلسلہ جاری رہا تو مورخہ 25 جون کو محکمہ اوقاف کے دفتر کے باہر لاہور میں علامتی دھرنا دیا جائے گا۔