وحدت نیوز(اسلام آباد) جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیرعبدالرشید ترابی نے گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی اور اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیوایم راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی بھی موجود تھے۔ عبدالرشید ترابی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے عوام کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فی الفور جی بی عوام کے درینہ مطالبات کو تسلیم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی حکومت کی طرف سے 9 روز سے خاموشی ثابت کرتی ہے کہ انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام گذشتہ نو روز سے سڑکوں پر ہیں، لیکن نہ تو صوبائی وزیراعلٰی کو کوئی خیال آیا ہے اور نہ ہی ملک کے وزیراعظم اس معاملے میں کوئی دلچسپی لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فی الفور صوبے کی صورتحال کا جائزہ لے اور عوام کے مطالبات تسلیم کرے۔