وحدت نیوز(لاہور) لاہور کے علاقے مسلم ٹاؤن میں ایم ڈبلیوایم پنجاب کا اجلاس زیر صدارت صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی منعقد ہوا۔ اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت اور آپریشن ضرب عضب کا دائرہ ملک بھر میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں تک پھیلانے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردوں کو ملک بھر میں لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے والی کالعدم جماعت کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ محرم الحرام میں پنجاب میں ممکنہ دہشت گردی کا خدشہ خارج از امکان نہیں، پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں سب سے بڑی رکاوٹ پنجاب حکومت ہے، پنجاب حکومت میں شامل وزراء دہشت گردوں کی صوبے میں مکمل سرپرستی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں موجودہ حکمرانوں کی جانب سے ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، ہمیں پرامن سیاسی جدوجہد سے دور رکھنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں، ہم اپنے قانونی و آئینی حق سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔