وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل علامہ قاضی نادر حسین علوی نے کہا ہے کہ سانحہ شکار پور کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ سانحہ شکار پور کو ایک مسلک کا سانحہ قرار نہ دیا جائے کیونکہ دہشت گرد کسی مذہب یا مسلک کے دشمن نہیں بلکہ انسانیت کے دشمن ہیں، اگر اسے مسلکی بنایا گیا تو اس دہشتگردی سے کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔ ملتان سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی ہونے والی کارروائی کو کسی ایک مذہب کی کارروائی قرار دے کر جان چھڑا لی جاتی ہے۔ سانحہ شکارپور کے دہشتگردوں کے خلاف بھی اسی طرح کارروائی کی جائے جیسے سانحہ پشاور میں کی گئی۔ اس سانحہ کے بعد پاکستانیوں اور بالخصوص اس ظلم کا شکار بننے والوں کی نگاہیں پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں پر ہیں۔ اُنہوں نے سندھ حکومت اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس سانحے میں ملوث دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کر کے پھانسی دی جائے۔ اس موقع پر اُنہوں نے شہدائے سانحہ شکار پور کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کے لیے صحت یابی کی دعا کی۔