وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم پنجاب میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب کے مہمان خصوصی الحاج حیدر علی مرزا جبکہ صدارت علامہ امتیاز کاظمی نے کی۔ تقریب میں مجلس وحدت مسلمین یوتھ کونسل اور ضلع لاہور کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے ایم ڈبلیو ایم لاہور کے رہنمائوں آغا زاہد حسین قزلباش، علامہ محمد اقبال کامرانی، سید فصاحت حسین بخاری نے خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے۔ جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ مملکت خداد پاکستان کیلئے قراداد منظور کرکے وطن عزیز کی بنیاد رکھ دی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان آج ان کے ہاتھوں یرغمال ہے، جنہوں نے قیام پاکستان کے وقت کہا تھا کہ شکر ہے کہ ہم پاکستان بنانے کے گناہ میں شامل نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وارثان پاکستان کا گلی گلی کوچہ کوچہ قتل عام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان دشمن قوتیں اس ملک کے سالمیت کے درپے ہیں، ایسے میں وطن عزیز کے باوفا بیٹوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس مملکت خداداد کی حفاظت کیلئے میدان میں نکلیں اور اپنے آباو اجداد کے اس ورثے کی حفاظت کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الحاج حیدر علی مرزا کا کہنا تھا کہ مملکت خداداد پاکستان کی بنیادوں میں ملت جعفریہ کا سرمایہ اور خون شامل ہے۔ پاکستان کی یہ باہمت اور شجاع قوم ملک کو مٹھی بھر شرپسندوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دے گی۔ تقریب کا اختتام صوبائی سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی اور قومی ترانے سے ہوا۔ یوم پاکستان کے تقریب میں مجلس وحدت مسلمین لاہور ڈویژن کی آرگنائزنگ باڈی کا بھی اعلان ہوا، جس میں شیخ عمران علی آرگنائزر لاہور ڈویژن، سید حسین زیدی سیکرٹری سیاسیات لاہور ڈویژن اور سید فصاحت بخاری سیکرٹری فلاح و بہبود مجلس وحدت مسلمین لاہور ڈویژن متخب ہوئے، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال کامرانی نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔