وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے راولپنڈی میں بےگناہ شیعہ افراد کی گرفتاری کو پنجاب حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے زیراثر حکومت صوبے میں پرُامن شہریوں کو ہراساں کرنے سے باز رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جنوبی پنجاب کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے انشاءاللہ وطن عزیز سے شدت پسندوں کا خاتمہ ہو گا، پاکستانی عوام یکجا ہو کر اپنی بہادر فوج کا ساتھ دیں تاکہ مملکت خداداد پاکستان کو پھر سے امن و محبت کا گہوارا بنایا جا سکے۔ علامہ اسدی نے رمضان المبارک کے آمد سے قبل ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اللہ کے مہینے کے تقدس کو پامال کرنے کے مترادف ہے، حکومت کا فرض ہے کہ وہ ان مافیاز کیخلاف فوری کارروائی کرے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔ علامہ اسدی نے عوام سے اپیل کی کہ آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کی بھرپور مدد کریں یہ ہمارے وہ بھائی ہیں جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لئے قربان کیا ہے۔