وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ لاہور میں اربوں روپے کا ٹرین منصوبہ شروع کرنے سے پہلے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں 'پنجاب میں 80فصد پانی پینے کے قابل نہیں،ناقص پانی کے استعمال سے ہیپاٹائٹس سمیت دیگر امراض میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اس لیے سب سے پہلے عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے'پنجاب حکو مت کی ناکام سکیمیں خزانے پر بوجھ بن چکیں ہیں ۔ جمعرات کو اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ حکومت ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت علاج معالجہ کیلئے ادویات کی فراہمی یقینی بنائے'کیونکہ ہسپتالوں میں ادویات نہ ہونے سے غریب اور مستحق مریض مفت علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران قومی خزانے کو سیاسی مشہوری کیلئے استعمال کر نے کی بجائے عوام کی تر قی وخوشحالی کیلئے استعمال کر یں مگر بد قسمتی سے (ن) لیگ قیادت کی پنجاب سمیت پورے ملک میں کوئی ایسی سکیم نہیں جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو رہا ہے بلکہ تمام سکیمیں خزانے پر بوجھ بن چکیں ہیں ۔