وحدت نیوز (خیرپور) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے ضلع خیرپور کے تین روزہ دورہ کے دوران کوٹ ڈجی، کنب، گوٹھ بنگل خان چانڈیو، شاہ جی مشین، سیٹھارجہ اور خیرپور میں مختلف پروگرامز میں شرکت کی اور عوامی اجتماعات سے خطاب کیا، اور شجر کاری مہم میں حصہ لیا،اس موقع پرکوٹ ڈجی اور مدرسہ جامعہ ولایت خیرپورمیں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ دھشت گردی اور کرپشن پاکستان کے دو اہم ترین مسائل ہیں، حکمرانوں نے جہاں کرپشن کو فروغ دیا ہے وہاں دھشت گردوں کے سہولت کار کا کردار ادا کیا ہے۔ پارلیمنٹ کو نظر انداز کرکےیمن پر جارحیت کے لئے فوج بھیجنے کا فیصلہ نواز لیگ کے غلامانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔ ملکی مفادات کی بجائے ذاتی مفادات کا حصول اور اغیار کی غلامی نے پہلے ہی وطن عزیز کو سنگین بحرانی صورتحال سے دوچار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کا استقلال ، اغیار خصوصا عالمی سامراجی قوتوں کی غلامی سے آزادی اورغلامی کی بجائے قوم اور پاک وطن کی خود مختاری ہماری جدوجہد کے بنیادی اصول ہیں۔ افغان جنگ اور ضیائی آمریت کے ملک دشمن فیصلوں کا خمیازہ آج بھی قوم بھگت رہی ہے، عمران خان کو خیبر پختونخوا میں مظلوم عوام کا دھشت گردوں کے ہاتھوں قتل عام کیوں نظر نہیں آرہا، دھشت گردوں کے مراکز کو سپورٹ کرکے عمران خان نیا پاکستان نہیں بنا سکتے،خیرپور میں پریس کانفرنس کے موقعہ پر ضلعی سیکریٹری جنرل علامہ احمد علی طاہری، ڈپٹی سیکریٹری مولانا سعید احمد، ضلعی سیکریٹری فقیر خیر محمدو دیگر موجود تھے۔