وحدت نیوز (کوئٹہ) مفتی امان اللہ کے قتل پر پنجاب حکومت راولپنڈی اسلام آباد میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کررہی ہے۔انقلاب مارچ کی بڑھتی ہوئی کامیابیوں سے حکومت بوکھلا گئی ہے اور نواز حکومت کی بنیادوں میں دراڑیں پڑچکی ہیں جو کسی بھی وقت زمین بوس ہوسکتی ہے۔حکومت کاوحدت مسلمین کے مرکزی رہنما کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کرنا انقلابیوں کے دھرنے کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے جس میں انہیں ذلت و خواری کے علاوہ کچھ ہاتھ نہیں لگے گا۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے رہنما مولانانشان حیدر ساجدی نے کراچی ڈویژن کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی امان اللہ کا قتل پنجاب حکومت کی ایماء پر کیا گیا ہے جس کا مقصد جڑواں شہروں میں فرقہ واریت کی آگ لگاکر دھرنوں سے عوام کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے اور کالعدم جماعتوں کی حمایت سے اپنے اقتدار کو بچانا چاہتی ہے جس میں انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ ملک عزیز میں اسلامی بھائی چارے اور وحدت کو فروغ دینے والے علماء پر اس قسم کے جھوٹے مقدمات کا مقصد ملک میں افرا تفری اور فرقہ واریت کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ ملک دشمن رویے کو ترک کرتے ہوئے امام بارگاہ اور اس کے اندر رکھے قرآن نذر آتش کرنے والے دہشتگردوں کو گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے ۔