وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین حیدرآباد ڈویژن کی جانب سے نورائی شریف میں عزاداری سید الشہداء کے خلاف جاری سازشوں اور کراچی میں علامہ عباس کمیلی کے فرزند علامہ علی اکبر کمیلی کے بہیمانہ قتل کے خلاف ہنگامی پریس کانفرنس کی گئی اور بعد اذاں حیدر آبادپریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنمایعقوب حسینی ، صوبائی رہنما عالم کربلائی اورحیدر آبادڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ امداد علی نسیمی اور علامہ گل حسن مرتضوی بھی موجود تھے پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ؤں کا کہنا تھا کہ نورائی شریف میں عرصہ 200 سال سے عزاداری ہو رہی ہے اور اس عزاداری کا روٹ پرمٹ نمبر883 ہے اور وہاں پر مسجدِ ثانئی زہرہؑ بنائی گئی ہے جس میں با جماعت نماز ادا کی جاتی ہے لیکن پچھلے کئی روز سے وہاں کے مقامی نام نہاد پیر غلام جیلانی لوگوں کو ہراساں کر رہے ہیں کہ اگر آپ لوگوں نے مسجد ثانئی زہرہؑ میں نماز اداکی تو آپ لوگوں کو جانی و مالی نقصان پہنچاؤں گا جب کہ مسجد کے احاطے میں واقع علمِ غازی عباس ؑ قائم ہے لیکن نام نہاد پیر غلام جیلانی نے اپنے غنڈوں کو وہاں پر بٹھا دیا ہے اور علم پاک پر قبضہ کر لیا ہے۔ہم نے علم پاک پر قبضے اور مسجد میں نماز نہ ادا کرنے کے خلاف سہری تھانے میں رپورٹ درج کروائی ہے لیکن ابھی تک پولیس کوئی بھی کاروائی کرنے سے قاصر ہے ۔
رہنماوں نے کہاکہ ہم ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس نام نہاد پیر کو فوری گرفتار کیا جائے اور علم پاک کا قبضہ ختم کرایا جائے ۔ مجلس وحدت مسلمین حیدرآباد علامہ عباس کمیلی کے صاحبزادے علی اکبر کمیلی کو شہید کئے جانے پر ہم پر زور مذمت کرتے ہیں اور قاتلوں کو فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں پریس کانفرنس کے بعد پریس کلب حیدرآباد پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مومنین و مومنات نے شرکت کی اور مظاہرے میں شریک شرکاء نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ نورائی شریف میں مسجد و علم پاک پر فوری قبضہ ختم کرایا جائے اور شہید علی اکبر کمیلی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے مظاہرے کی قیادت مولانا امداد علی نسیمی نے کی۔