وحدت نیوز (سکھر) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے سیکرٹری جنرل اور معروف رہنما سابق سینیٹر ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سند ھ میں عملاً دہشتگردوں کی حکمرانی ہے، حکومت قاتلوں کو فوری گرفتار کرے۔ ایک بیان میں علامہ مختار امامی نے مذموم واقعہ پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور جے یو آئی کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ پر عملاً دہشت گردوں کی حکمرانی ہے اور صوبے میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں ہے، جو سیاسی و مذہبی رہنماؤں، کارکنوں اور معصوم شہریوں کا سفاکانہ قتل کررہے ہیں اور حکومت تماشہ دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ جے یو آئی کے رہنما ڈاکٹر خالد سومرو شہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرے اور اگر وہ سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں کا قتل عام کرنے والے سفاک قاتلوں اور دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کی سکت اور صلاحیت نہیں رکھتی تو وہ اس پرعوام سے معذرت کرتے ہوئے حکومت سے فی الفور مستعفی ہوجائے۔