وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے رہنماء ارشاد حسین بنگش نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاورمیں یوم عاشورہ کے موقع پراورکزئی ایجنسی میں بم دھماکہ کے باعث زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اورکزئی ایجنسی میں عرصہ دراز سے امن و امان کا مسئلہ چلا آرہا ہے، جبکہ پولیٹیکل انتظامیہ ایجنسی میں امن قائم کرنے میں یکسر ناکام ہے، ان کا کہنا تھا کہ یوم عاشورہ کو بے گناہ عزاداروں کو بربریت کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے اس واقعہ کے بعد کسی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جو کہ پولیٹکل انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اورکزئی ایجنسی میں بھی شمالی وزیرستان طرز پر آپریشن کی ضرورت ہے، تاکہ دہشتگردوں کا قلع قمع کیا جاسکے، پولیٹیکل انتظامیہ اورکزئی ایجنسی کو بھی فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔