وحدت نیوز (پشاور) تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ حکومت اہل تشیع کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے ، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک خواب خرگوش کے مزے اڑانے میں مصروف ہیں اور دوری جانب ہماری مائوں بہنوں کے سہاگ اجڑرہے ہیں ، کے پی کے میں ہمارے جوانوں اور بزرگوں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو ملک گیر احتجاج پر مجبور ہوں گے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید محمد سبطین حسین الحسینی نے وحدت ہاوس پشاور سے جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کی سب سے بڑی ماتمی سنگت کے سالار امداد شاہ کو تکفیری دہشتگردوں نے شہید کردیا ہے، امداد شاہ کا تعلق پشاور شہر کی سب سے بڑی ماتمی سنگت انجمن میر کفایت کے سالار دستہ تھے،پشاور میں شیعہ معززین کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں لیکن صوبائی حکومت دہشت گرد کاروائیوں پر قابوپانے میں سنجیدہ نہیں ، اب تک کسی ایک شیعہ کے قاتل کو پھانسی نہیں دی گئی، دوسری جانب کالعدم تکفیری گروہ کو صوبے بھر میں مکمل آزادانہ نقل وحرکت کی اجازت حاصل ہے۔