وحدت نیوز (پشاور) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پی کے علامہ سبطین حسینی نے کہا ہے کہ پاکستان کے پرامن اور محب وطن شہریوں اور اسماعیلی برادری سے تعلق رکھنے والے بےگناہوں کا خون بہانا کھلی دہشت گردی، وطن سے غداری اور دشمنان وطن کے ناپاک عزائم کی تکمیل کی راہ میں ایک ناپاک جسارت ہے۔ بےگناہ انسانوں اور مسلمانوں کا قتل جہاں وحشت و درندگی کی بدترین مثال ہے، وہاں دنیا جہاں اور مہذب معاشروں میں پاکستانی امیج خراب کرنے کی مذموم کوشش بھی ہے۔ اسماعیلی برادری کے ساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ایک سال سے جاری آپریشن، بھاری اخراجات اور حکومت کے کھوکھلے دعووں کے باجود روزانہ بے گناہ شہریوں کو قتل کرنا سوالیہ نشان ہے۔ اسلام ٹائمز کے ساتھ بات کرتے ہوئے رہنما ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ جب تک ملکی افواج خیبر ون ٹو اور ضرب عضب کی طرح کراچی میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ اور بلاامتیاز کارروائی نہیں کرتی تب تک روشنیوں کے شہر کو روشنیاں لوٹا نے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ شیعیان پاکستان کا پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں قتل عام رکوائے۔ دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہی ملکی استحکام کا ضامن ہے۔