وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ ہاشم موسوی، ایم پی اے آغا رضا،کوئٹہ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل عباس علی اور تمام کونسلرزنےسانحہ شکار پور کے خلاف علمدار روڈ پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شکارپور مرکزی امام بارگاہ میں خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ وفاقی اور سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے یہ سانحہ رونما ہوا۔ شکارپور میں اس سے پہلے بھی دہشت گردی کے کئی واقعات ہو چکے ہیں لیکن سندھ حکومت اپنی بے حسی اور نا اہلی کی وجہ سے ان واقعات کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ حکومتی اقدامات صرف میڈیا میں بیانات کی حد تک محدود ہے۔ دہشت گرد آزاد اور دنددناتے پر رہے ہیں ان کے خلاف اقدامات نہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ حکومت پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرے اور گرفتار ملزمان کو سخت سے سخت سزا دے کر ان کو نشان عبرت بنائے۔ حکومت ان دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے لیے نرم رویہ رکھنے والوں سے بھی سختی سے نمٹے اور تمام کلعدم دہشت گرد تنظیموں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف کریک ڈاون کرے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن شکار پور سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کے لیے شفایابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔