وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے ممتازبزرگ عالم دین علامہ یعقوب علی توسلی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک وملت کیلئے انکی گرانقدر خدمات پرانہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ یعقوب علی توسلی کی زندگی انقلابی جدوجھد سے عبارت ہے۔آپ قائد شھید علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کے با اعتماد ساتھی اور دین اسلام کے مبلغ تھے۔آپ نے طویل عرصہ منبر ومحراب کے ذریعے دین اسلام کی تبلیغ کی۔ان کی وفات پرملت جعفریہ پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین انکے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
در این اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سیاسی بیانات سے کچھ نہیں ہو گا۔دھشت گردی کے خلاف عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔بلوچستان میں دھشت گردوں کے ہاتھوں اب تک ہزاروں معصوم انسان قتل ہو چکے ہیں۔ جن کے ٹریننگ کیمپس مختلف علاقوں میں قائم ہیں۔عوام کو یہ بھی بتایا جائے کہ انکے خلاف کب آپریشن ہوگا؟۔
محترمہ بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے قتل سے متعلق عوام اب تک انصاف کی تلاش میں ہیں ، یہ اس ملک کا المیہ ہے کہ عام آدمی سے لے کر وزیر اعظم تک کسی کو انصاف نہیں ملتا۔ ملک میں عدل و انصاف کا ایسا نظام رائج کرنے کی ضرورت ہے کہ ہر شہری کو انصاف ملے۔ کوئٹہ میں ہزاروں معصوم شہری قتل ہوگئے میں کسی قاتل دہشت گرد کو پھانسی نہیں ہوئی۔ اب بھی عملی اقدامات کم اور بیانات زیادہ نظر آرہے ہیں۔