وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے قریب مسافر بسوں سے مسافروں کو اغواء کے بعد قتل کر دینا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے جسکی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔حکومت قیام امن میں ناکام ہوچکی ہے دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم کے حصول کیلئے بے گناہ اور نہتے مسافروں کو نشانہ بنا رہے ہیں اس جیسے واقعات کا رونما ہونا کسی بھی سانحہ سے کم نہیں جو باعث افسوس اور حکومت کی ناکامی ہے ۔یہ واقع انسانیت سوز ہے حکومت ملوث عناصر کی جلد گرفتاری کو یقینی بنائے ۔ہمیں متحد ہو کر برادر اقوام کو آپس میں لڑانے کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے،ہمیں امن،رواداری ،تحمل،برداشت اور بھائی چارگی کے اصول پر کار بند رہتے ہوئے ملکی ترقی و خوشحالی ،کوئٹہ شہر اور صوبہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں ،تاجر برادری اور دیگر تنظیموں کو ساتھ لے کر مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی۔کوئٹہ شہر میں پے در پے دہشتگردی کے واقعات اور اب سانحہ مستونگ نے ثابت کر دیاہے کہ سیکورٹی ادارے اور انتظامیہ مکمل طور پر مفلوج ہوچکی ہے ۔بے گناہ انسانوں کاخون بہانا درندگی کی بدترین مثال اور وطن عزیز پاکستان اور صوبہ بلوچستان کے لئے بڑاسانحہ ہے۔مظلوم عوام کو دہشتگرد وں کے رحم وکرم پر چھوڑدیاگیاہے۔قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار نہ ہونے کے برابر ہے یہی وجہ ہے کہ کالعدم جماعتیں آج بھی سرگرم عمل ہیں ۔حکومت کے کالعدم جماعتوں سے آج بھی مراسم قائم ہیں یہی وجہ ہے کہ کالعدم جماعتیں اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں انھیں روکنے اور ٹوکنے والا کوئی نہیں ہے عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے بیان میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں ۔