وحدت نیوز(کوئٹہ) ایف آئی اے کے اہلکاروں نے نادرا آفس میں عام عوام کو رشوت کی خاطر تنگ کرنے اور غیر قانونی شناختی کارڈ فراہم کرنے والوں کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف شدید کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے ترجمان محمد ہادی جعفری نے اس واقعے کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بدعنوانی کسی ملک میں پسماندگی کی بنیادی اسباب میں سے ایک ہیں۔ ہماری قوم کے بیشتر افراد کو گزشتہ کئی سالوں سے نادرا آفس میں ان کرپٹ عناصر کی وجہ سے بے شمار مشکلات کا سامنا تھا۔ جن افراد کے تمام دستاویزات مکمل اور عین قانونی ہوتے تھے انہیں رشوت کی وصولی کی خاطر ٹال مٹول کا سامنا ہوتا تھا اور جن افراد کے پاس قانونی دستاویزات موجود بھی نہیں ہوتے ان کے جعلی شناختی کارڈ روپوں کے عوض نادرا آفس سے ہی بن جاتی تھیں۔ محمد ہادی جعفری نے کہا کہ کرپشن نے مملکت خداداد پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، جس کی وجہ سے آج پاکستان عوام شدید ذہنی کوفت کا شکار ہے۔ پاکستا ن کی سا لمیت ،بقاء او ر ترقی کیلئے دہشت گردی کے ساتھ ساتھ کرپشن کے خلاف بھی اقدامات ناگزیر ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور بااختیار اداروں کیلئے لازم ہے کہ اب کرپشن کے خلاف کاروائیاں بلاتفریق شروع کریں اور ملک سے بد عنوانی کا صفایا کرے۔ انکا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف کاروائیوں میں ان سرکاری ، حکومتی وسیاسی عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانا چاہئے جنہوں نے بدعنوانی کے میدان میں جتنے ہو سکے پیسے کھائے اور ملک کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ عوام کو ہزاروں مشکلات سے آشنا کروایا۔ بیان کے آخر میں انہوں نے کرپشن کو ملک کو کھوکھلا کرنے والی شے قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسے جیسے کرپٹ افراد کی گرفتاریوں میں تیزی آئے گی ویسے ہی ملک کے مختلف شبعات میں بھی ترقی ہوگی اور کرپٹ افراد عبرت بن کر دوسروں کو بدعنوانی سے روکھنے میں اہم اور موثر کردار ادا کرے گی۔